
دنیا کے مختلف ادارے وقتاً فوقتاً دنیا کے خوبصورت ترین شہروں سے متعلق سروے کرتے رہتے ہیں اور اس سال بھی اب تک متعدد سروے سامنے آچکے ہیں، ان سروے رپورٹس میں جو شہر تواتر کے ساتھ پہلی دس پوزیشنز میں سے کوئی نہ کوئی پوزیشن لیتے ہیں ان میں اٹلی کا شہر فلورنس ، آسٹریا کا شہر ویانا ، ہنگری کا شہر بوڈا پسٹ، آسٹریلیا کا شہر سڈنی، کینیڈا کا شہر وینکوور اور برازیل کا شہر ریوڈی جنیریو شامل ہیں۔
ان شہروں کی پوزیشنز مختلف عوامل کی بنیاد پر اوپر نیچے ہوتی رہتی ہیں، لیکن سیاحت کے حوالے سے ان کی ریٹنگ مسلمہ ہے، ایک حالیہ سروے میں دنیا کے 5 خوبصورت ترین شہروں کی درجہ بندی کچھ اس طرح کی ہے ۔

اس درجہ بندی میں اٹلی کے شہر فلورنس کو پہلے نمبر پر رکھا گیا ہے ۔ یہ شہر عجائب گھروں، محلات اور یادگاروں سے بھرا پڑا ہے، شہر کے بیچوں بیچ پانی پر تیرتی کشتیاں ایک خوبصورت نظارہ پیش کرتی ہیں۔

درجہ بندی میں دوسرے نمبر پر آسٹریا کا دارالحکومت ویانا ہے، آسٹریا وہی ملک ہے جہاں جرمن حکمران ہٹلر نے جنم لیا، اس شہر میں واقع سینٹ اسٹیفن گرجا گھر، شاہی محل اور ثقافتی ورثہ منفرد حیثیت فراہم کرتے ہیں، آسٹریا یورپ کا وہ شہر ہے جہاں کی صفائی اور نظم و ضبط اپنی مثال آپ ہے۔

خوبصورت شہروں کے سروے میں تیسرے نمبر پر ہنگری کا سب سے بڑا شہر اور دارالحکومت بوڈا پسٹ ہے، اس شہر کے بیشتر پرکشش مقامات دریائے ڈینیوب کے کنارے پر واقع ہیں، اپنی خوبصورتی کی وجہ سے بوڈاپسٹ کو "ڈینیوب کی رانی" بھی کہا جاتا ہے، یہاں کی ریلوے لائن دنیا کی دوسری قدیم ترین لائن تصور ہوتی ہے ۔

سروے میں چوتھے نمبر پر آسٹریلیا کا شہر سڈنی ہے جو دنیا کے آخری کونے پر واقع ہے ۔ سیاسی و علاقائی مسائل سے الگ تھلگ یہ ملک اور شہر مثالی امن و امان رکھتے ہیں، سڈنی جدید طرز تعمیر اور قدرتی حسن سے مالا مال ہے، کئی کلومیٹر طویل سفید ریت والا دلکش ساحل بھی یہاں ہے، دلچسپ فن تعمیر والا اوپیرا ہاؤس سڈنی کی علامت ہے۔

نمبر پانچ پر 2 شہر رکھے گئے ہیں ، پہلا کنیڈا کا شہر وینکوور ہے جہاں قدرتی مناظر بھی ہیں اور جدید سہولتوں سے آراستہ شہری نظام بھی، جرائم سے پاک اورامن و امان کی مثالی صورت حال سیاحوں کے لیے خاص کشش رکھتی ہے، گزشتہ سال ہونے والے ایک سروے میں رہائش کے نقطہ نظر سے اس شہر کو پہلے نمبر پر رکھا گیا تھا تاہم سیاحت کے لحاظ سے یہ پانچویں نمبر ہے۔

پانچویں نمبر پر ہی دوسرا شہر کیپ ٹاون ( جنوبی افریقہ ) ہے۔ قدرتی مناظر کے حوالے سے کیپ ٹاؤن کو شکست دینا آسان نہیں، یہاں موجود ٹیبل ماؤنٹین٬ وسیع سمندر اور سفید ریت کے ساحل اس شہر کو دنیا کے خوبصورت شہروں کی فہرست میں لاکھڑا کرتے ہیں۔ سماء