اسلام آباد : وفاقی حکومت نے ریڈ زون میں قابض ممتاز قادری کے حامیوں کا دھرنا ختم کرانے کیلئے آپریشن کا فیصلہ کرلیا، رینجرز، ایف سی اور پولیس کو الرٹ،جب کہ مظاہرین کی قیادت کو آخری پیغام بھجوانے کا فیصلہ۔
گزشتہ تین روز سے ریڈ زون پر قابض اور وفاقی دارالحکومت میں فساد کرنے والے ممتاز قادری کے حامیوں کا دھرنا جاری ہے، دھرنا ختم کرانے کیلئے ضلعی انتظامیہ نے دھرنے کی قیادت کیساتھ مذاکرات کیے، تاہم وہ ناکام ہوگئے، جس کے بعد مظاہرین کو اہم علاقے ریڈ زون سے ہٹانے اور ریڈ زون خالی کرانے کیلئے آپریشن کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
مزید پڑھیں : نازک صورتحال،فوج نے کنٹرول سنبھال لیا

حکومتی ذرائع کے مطابق آپریشن کا فیصلہ وزیراعظم میاں محمد نواز شریف کے زیر صدارت اجلاس میں کیا گیا، اعلٰی سطح اجلاس میں ریڈ زون کی صورت حال پر تفصیلی مشاورت کی گئی،اجلاس کے شرکاء نے اس بات پر اتفاق کیا کہ مظاہرین کے خلاف کارروائی آج رات عمل میں لائی جائے،فیصلے کے مطابق آپریشن کے ذریعے مظاہرین کو ڈی چوک سے باہر نکالا جائے گا۔
مزید پڑھیں : ریڈ زون میدان جنگ،جھڑپ میں کرنل امان اللہ زخمی

ذرائع کے مطابق آپریشن میں سات ہزار اہل کار حصہ لیں گے، مظاہرین کو ہٹانے کیلئے پولیس، ایف سی اور رینجرز کو ہدایات جاری کردی گئی ہیں، آپریشن آج رات کسی بھی وقت شروع کیے جانے کا امکان ہے، پولیس ذرائع کے مطابق ڈی چوک پر مظاہرین کا دھرنا ختم کرانے کیلئے پنجاب پولیس سے بھی مدد لی جائے گی۔

صورت حال سے نمٹنے کیلئے پنجاب پولیس کے 1500سے 2000اہل کار طلب کرلیے گئے ہیں، ذرائع کے مطابق مظاہرین کی قیادت کو آخری پیغام بھجوانے کا فیصلہ کیا گیا ہے، دھرنا خود ختم نہ کیا تو مظاہرین کو زبردستی اٹھایا جائے گا، ممکنہ گرفتاریوں کے پیش نظر تھانوں اور اڈیالہ جیل میں انتظامات مکمل کرلیے گئے ہیں۔ سماء