ورلڈ ٹی 20؛ نیوزی لینڈ کا پاکستان کو 181 رنز کا ہدف
موہالی : ورلڈ ٹی 20 میں نیوزی لینڈ نے پاکستان کو 181 رنز کا ہدف دیا ہے، مارٹن گپٹل نے 80 رنز کی دھواں دھار اننگز کھیلی، محمد سمیع اور شاہد آفریدی نے 2، 2 وکٹیں لیں۔
موہالی کے آئی ایس بندرا اسٹیڈیم میں کھیلے جارہے میچ میں نیوزی لینڈ نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور مقررہ 20 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 180 رنز بنائے۔
کیویز اوپنرز نے ٹیم کو 62 رنز کا آغاز فراہم کیا، کین ولیم سن 17 رنز بنا کر محمد عرفان کی گیند پر شاہد آفریدی کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے، مارٹن گپٹل نے اپنے روایتی جارحانہ انداز میں بیٹنگ کی، انہوں نے 48 گیندوں پر 80 رنز کی دھواں دھار اننگز کھیلی جس میں 10 چوکے اور 3 چھکے شامل تھے، وہ محمد سمیع کی گیند پر بولڈ ہوئے۔
کولن منرو 7 رنز پر شاہد آفریدی کا شکار بنے، خالد لطیف نے ان کا کیچ لیا، کورے اینڈرسن نے 14 گیندوں پر 21 رنز بنائے، شعیب ملک نے شاہد آفریدی کی گیند پر ان کا کیچ تھاما، لیوک رونچی 11 رنز بنا سکے، شعیب ملک نے سمیع کی گیند پر کیچ پکڑا۔
روز ٹیلر 23 گیندوں پر 36 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے، ان کی اننگز میں 2 چوکے اور ایک چھکا شامل تھا۔
پاکستان کی جانب سے محمد سمیع نے 23 رنز کے بدلے 2 جبکہ کپتان شاہد آفریدی نے 2 وکٹوں کیلئے 40 رنز دیئے، محمد عرفان 46 رنز دے کر ایک وکٹ حاصل کرسکے۔
محمد عامر 41 اور عماد وسیم 26 رنز دے کر کسی کھلاڑی کو آؤٹ نہ کرسکے، اسٹار فاسٹ بولر کے آخری اوور میں 16 رنز بنے۔ سماء