جوڈیشل کمیشن کا اجلاس، کچہری حملے سے متعلق آئی جی اسلام آباد کا بیان ریکارڈ
اسٹاف رپورٹ
اسلام آباد : آئی جی اسلام آباد پولیس نے ایف ایٹ کچہری حملے کی تحقیقات کرنے والے جوڈیشل کمیشن کو اپنا بیان ریکارڈ کرا دیا، کہتے ہیں وقوعہ کے روز بیشتر پولیس اہلکار ڈیوٹی سے غائب تھے جن کیخلاف محکمانہ کارروائی شروع کردی ہے۔
جسٹس شوکت عزیز صدیقی پر مشتمل جوڈیشل کمیشن نے ساتویں روز بھی کچہری حملے کی تحقیقات جاری رکھی، آئی جی اسلام آباد سکندر حیات نے کمیشن کو بیان ریکارڈ کرایا۔
آئی جی نے بتایا کہ انہیں جوں ہی حملے کی اطلاع ملی انہوں نے پولیس کمانڈوز اور رینجرز کو جائے وقوعہ پر پہنچنے کی ہدایت کی اور خود بھی چیف کمشنر کے ہمراہ موقع پر پہنچے۔
انہوں نے اپنی نگرانی میں کچہری کی کلیئرنس کرائی، کچہری میں سیکیورٹی خدشات کے پیش نظر اہلکاروں کو تعینات کیا گیا تھا لیکن وقوعہ کے روز بیشتر اہلکار غائب تھے جن کیخلاف محکمانہ کارروائی شروع کردی گئی ہے۔ سماء