ایم کیو ایم جلد سندھ حکومت میں شامل ہونے والی ہے، شیخ رشید

ویب ڈیسک

اسلام آباد : شیخ رشید احمد نے ڈالر کی قیمت 98 روپے پر آنے کی تردید کرتے ہوئے کہا کہ حکومت کا پوسٹ مارٹم کررہا ہوں، نواز شریف اسمبلی میں میری ایک نشست سے خوفزدہ ہے، نیلم جہلم منصوبے میں بے ضابطگیوں پر سپریم کورٹ جاؤں گا، طالبان سے مذاکرات پر حکومت اور فوج ایک پیج پر نہیں، مذاکرات ناکام ہوئے تو آپریشن ہوگا، ڈرپوک سیاستدان سمجھتے ہیں کہ آپریشن کا ردعمل پنجاب میں ہوگا، نواز شریف اور فوج پرویز مشرف سے متعلق درمیانی راستے کی طرف جارہے ہیں، ایم کیو ایم جلد سندھ حکومت میں شامل ہونے والی ہے۔

سماء کے پروگرام ندیم ملک لائیو میں گفتگو کرتے ہوئے عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید کہتے ہیں کہ ایک بار پھر کہتا ہوں کی ڈالر کی قیمت میں کمی کی خبریں بے بنیاد ہیں، اگر روپے کی قدر بڑھی ہے تو پیٹرول کے نرخ نیچے لائے جائیں، میرے استعفیٰ سے کسی کو فائدہ ہوتا ہے تو میں تیار ہوں۔

انہوں نے کہا کہ نیلم جہلم ٹرانسمیشن لائن کا ٹھیکہ بغیر ٹینڈر کے جاری کیا گیا، یہ معاملہ سپریم کورٹ میں لے کر جاؤں گا، نواز شریف نے میرٹ کے خلاف بھرتیاں کیں۔

شیخ رشید کا کہان ہے کہ ایم کیو ایم سندھ حکومت میں شامل ہونیوالی ہے، چند دنوں میں ان کے وزراء حلف اٹھالیں گے، متحدہ کے ایک رہنماء نے تصدیق کی ہے کہ دونوں جماعتوں میں معاملات طے پاگئے، سندھ حکومت میں شامل ہونا متحدہ کی مجبوری ہے، تھر میں بچوں کی ہلاکت پر سندھ حکومت نے بے شرمی کا مظاہرہ کیا، الطاف حسین کو ان پر بھی تنقید کرنی چاہئے۔

انہوں نے کہا کہ اسمبلی میں اکیلا اپوزیشن کررہا ہوں، سیاست میں زندہ رہنے کیلئے عوام کی بات کرنا ضروری ہے، عمران خان جلد یہ سمجھ لیں گے، حکومت کو ڈیلیور کرنا ہوگا، اپوزیشن میں بیٹھ کر حکومت کا پوسٹمارم کرتے رہیں گے۔

عوامی مسلم لیگ کے سربراہ کا کہنا ہے کہ سعودی عرب اور قطر ہمارے برادر ممالک ہیں تاہم ہمیں کسی بھی لڑائی میں شریک نہیں ہونا چاہئے، پاکستان کا اسلحہ، طیارے اور ٹینک فروخت ہوتے ہیں تو اس میں کوئی حرج نہیں، ہماری فوج کو شام سمیت کسی بھی ملک کے معاملات میں مداخلت نہیں کرنی چاہئے، بیرونی امداد آنے سے ہمارے ہاتھ دلدل میں نہ پھنسیں تو بہتر ہوگا۔

وہ کہتے ہیں کہ فوج کا واضح مؤقف ہے کہ طالبان سے مذاکرات منتخب حکومت کرے، خدانخواستہ مذاکرات ناکام ہوئے تو آپریشن بھی ہوگا اور ری ایکشن بھی، ڈرپوک سیاستدان سمجھتے ہیں کہ آپریشن کا ردعمل پنجاب میں آئے گا، طالبان عام لوگ نہیں، بہت سمجھدار ہیں، پاکستان اور عوام کیلئے جان دینے سے نہیں ڈرتا۔

شیخ رشید کا کہنا ہے کہ پاکستان کی تمام فوج گزشتہ 10 سال سے میدان جنگ میں ہے، حکومت کو چاہئے کہ مذاکرات سے متعلق پہلے فیصلہ کرلیں، طالبان اور فوج مسلم دنیا کیلئے اپنی لڑائی کو ختم کرسکتے ہیں، نواز شریف اور فوج ایک پیج پر نہیں ہیں، پرویز مشرف کے معاملے پر نواز شریف اور فوج درمیانی راستے کی طرف جارہے ہیں، نواز شریف کیلئے 72 سالہ سابق جنرل خطرہ نہیں، انہیں ایک طاقتور ادارے سے نہیں الجھنا چاہئے۔

انہوں نے مزید کہا کہ 80 ارب روپے کے اوگرا اسکینڈل میں ملوث شخص کی 80 ہزار روپے میں ضمانت منظور کرلی گئی، اسامہ بن لادن کی موجودگی سے متعلق پاکستان میں کسی کو علم نہیں تھا، نیویارک ٹائمز کا مضمون بکواس کے سوا کچھ نہیں، پرویز مشرف نے مدینہ منورہ میں مصلیٰ رسول پر کھڑے ہو کر کہا کہ اسامہ بن لادن کہاں ہے پتہ نہیں، ان کا تو خیال تھا کہ اسامہ زندہ ہی نہیں ہے، نواز شریف کے دور میں امریکا اور پاکستان کے اسامہ کی گرفتاری کیلئے جوائنٹ آپریشن کی آرمی چیف جنرل پرویز مشرف نے مخالفت کی تھی۔

شیخ رشید کہتے ہیں کہ بے نظیر اور پرویز مشرف کا خیال تھا کہ یہ دونوں اکٹھے حکومت کرسکتے ہیں، میری خواہش تھی کہ پرویز مشرف کے نواز شریف کے ساتھ معاملات طے پا جائیں تاہم نواز شریف نے لچک کا مظاہرہ نہیں کیا۔ سماء

registered

سندھ

Video

شیخ

mistake

تبولا

Tabool ads will show in this div

تبولا

Tabool ads will show in this div