قومی اسمبلی: ڈیڑھ ارب ڈالرز کے معاملے پر ایوان میں گرما گرم بحث، اپوزیشن کا واک آؤٹ
اسٹاف رپورٹ
اسلام آباد : دوست ملک کے ڈیڑھ ارب ڈالر ہدیے کی گونج قومی اسمبلی میں آج بھی سنائی دی، حکومت کی جانب سے قابل قبول وضاحت نہ ملنے پر اپوزیشن نے واک آؤٹ کیا، عمران خان کہتے ہیں ایسے تحفے لینے سے عزت نفس پر حرف آئے گا۔
قومی اسمبلی میں ڈیڑھ ارب ڈالر کے تحفے پر گرما گرم بحث آج بھی جاری رہی، کپتان نے یاد دلایا ماضی میں بھی ایسے تحفوں کی بھاری قیمت ادا کرنا پڑی، 80ء کی دہائی میں پیسے لے کر مجاہدین بنائے گئے، 2001ء میں انہیں دہشت گرد قرار دیکر پیسے لئے گئے، تحفہ لینے سے عزت نفس پر حرف آئے گا۔
پیپلز پارٹی کی نفیسہ شاہ نے کہا اسحاق ڈار کی مبہم وضاحت سے مطمئن نہیں، دوست ملک کا نام بھی نہیں بتایا گیا، اس معاملے پر تفصیلی بحث کیلئے ان کی تحریک التواء کو ایوان میں لایا جائے۔
شیخ رشید احمد نے کہا کہ تحفہ لینے سے ڈالر کی قیمت تو کم ہوئی مگر بجلی فی یونٹ 18 روپے سے بھی بڑھ گئی۔
وفاقی وزیر زاہد حامد نے اپوزیشن کو جواب دیا کہ حکومت کسی ملک میں فوج نہیں بھیج رہی، اسحاق ڈار نے ڈالرز ملنے سے متعلق وضاحت کردی تھی، اپوزیشن کا واویلا سمجھ سے بالا ہے۔
ان کے جواب پر اپوزیشن سیخ پا ہو کر ایوان سے واک آؤٹ کرگئی۔ سماء