اسلام آباد : ملک بھر میں سردی کی لہر کم ہونے اور موسم کی تبدیلی کے ساتھ ساتھ خواتین نے ہلے پھلکے ملبوسات کی خریداری شرو ع کر دی ہے، جس کے بعد بازار نئے پرنٹس سے سج گئے۔
موسم کی تبدیلی کے ساتھ ہی تجارتی مراکز میں خواتین نے ہلے پھلکے ملبوسات کی خریداری کا سلسلہ شرو ع کر دیا ہے، جس کے باعث نت نئے کاٹن، لان اور سلک پرنٹس موسم بہار کے پھولوں کی سی رنگینی پھیلاتے بازاروں میں سج گئے ہیں۔
سلے ہوئے اور ان سلے ملبوسات فروخت کرنے والے تاجروں نے نت نئے رنگوں، ڈیزائن اور اقسام کے کپڑے، دیدہ زیب انداز میں دکانوں پر سجا لئے ہیں جو خریداروں کواپنی جانب مائل کرنے لگے۔ مردوں کے ان سلے اور سلے ملبوسات کی دکانوں پر بھی واش اینڈ ویئر اور کاٹن کی نت نئی ورائٹی و رنگوں کے ملبوسات سج گئے ہیں، جب کہ خواتین کے ملبوسات کی دکانوں پر برانڈڈ اور نان برانڈڈ لان کے دیدہ زیب رنگ بکھرے دکھائی دیتے ہیں۔
موسم تبدیل ہونے کے ساتھ ہی دکانداروں نے آﺅٹ سیزن ملبوسات کی بھی سیل لگا دی ہے، جب کہ جوتوں کی دکانوں پر بھی خریداروں کو مائل کرنے کیلئے پرکشش سیل کے بینرز آویزاں کئے گئے ہیں، دن بھر خواتین خریداری میں مصروف نظر آتی ہیں، جب کہ شام کے اوقات میں مرد اہل خانہ کے ہمراہ تجارتی مراکز کا رخ کرتے ہیں، جی نائن مرکز کے تاجروں کا کہنا ہے کہ توقع ہے کہ بھرپور سیزن لگے گا۔
تاجروں کا کہنا ہے کہ پیٹرولیم مصنوعات میں کمی کی وجہ سے ٹرانسپورٹیشن اخراجات میں کمی آئی ہے اور کپڑوں کی قیمتیں بھی مناسب ہیں اور شہریوں کی قوت خرید بھی مستحکم ہوئی ہے، اس لئے گزشتہ سیزن کی نسبت اچھے کاروبار کی توقع ہیں۔ سماء