اسلام آباد یونائیٹڈ پی ایس ایل کا پہلا چیمپئن بن گیا
دبئی: پاکستان سپر لیگ کے فائنل میں اسلام آباد یونائیٹڈ نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو چھ وکٹوں سے شکست دے کر قومی لیگ کا پہلا ٹائٹل اپنے نام کرلیا، مین آف دی میچ اسمتھ کے نام رہا۔
اسلام آباد کی جانب سے اوپنر ڈیوان اسمتھ نے شاندار بیٹنگ کرتے ہوئے سات چوکوں اور چار چھکوں سے 73 رنز بنائے، جب کہ بریڈ ہیڈن 61 رنز کے ساتھ ناٹ آوٹ رہے۔ بولنگ میں کوئٹہ کی جانب سے انور علی ، میکیلم ، ذوالفقار بابر اور اعزاز چیمہ نے ایک ایک وکٹ اپنے نام کیں۔
مزید پڑھیں : پی ایس ایل فائنل،کوئٹہ کے تابڑ توڑ حملے
اس سے قبل کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے اسلام آباد یونائیٹڈ کے خلاف مقررہ بیس اوورز میں سات وکٹوں کے نقصان پر 174 رنز بنائے، اسلام آباد یونائیٹڈ کے کپتان مصباح الحق نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔

کوئٹہ کی جانب سے بسم اللہ اور احمد شہزاد نے اننگز کا آغاز کیا، تاہم میچ کے آغاز پر کوئٹہ ٹیم کو بسم اللہ کی وکٹ کھونا پڑی،جب وہ پہلے ہی اوور کی تیسری گیند پر بغیر کوئی رن بنائے آؤٹ ہوگئے، ہیڈن نے محمد عرفان کی گیند پر بسم اللہ کا کیچ لیا۔
اس کے بعد ٹیم کی کمان احمد شہزاد نے سنبھالی، بسم اللہ کے بعد کیون پیٹرسن میدان میں اترے، ابھی کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کا اسکور 33 رنز تک ہی پہنچا تھا کہ کیون پیٹرسن اونچی شارٹ کھیلتے ہوئے آندرے رسل کی گیند پر آصف علی کے ہاتھوں اپنی قیمتی وکٹ گنوا بیٹھے، کیون فقط اٹھارہ رنز کا ہی اضافہ کرسکے۔
میچ کا دلچسپ لمحہ وہ تھا جب میچ کے گیارویں اوور میں احمد شہزاد نے محمد عرفان کی گیند پر اونچا شارٹ کھیلنے کی کوشش کی، مگر نہ احمد شہزاد کی کوشش برآور ثابت ہوئی اور نہ شارٹ کو کیچ کرنے کے منتظر عمران خالد کامیاب ہوسکے، بال عمران خالد کے ہاتھ میں آکر چکما دے گئی اور کیچ ڈراپ ہوگیا۔ کیچ ڈراپ ہونا احمد شہزاد کیلئے خوش قسمت ثابت ہوا۔

مزید پڑھیں : کوئٹہ کی وکٹیں
دوسرے اینڈ پر ساتھ دیتے ہوئے مایہ ناز بیٹسمین کمار سنگاکارا نے بھی کرکٹ شائقین کو محظوظ کرنے کا کوئی موقع ہاتھ سے نہ جانے دیا، سنگاکارا نے خوب صورت بیٹنگ کے ذریعے صرف تیس گیندوں پر 2 چھکوں اور 7 چوکوں کی مدد سے اپنی نصف سینچری اسکور کی، مگر یہ کامیابی زیادہ دور تک نہ چل سکی، اسکور ابھی 120 پر ہی پہنچا تھا کہ سنگاکارا نے 55 رنز بنا کر پویلین کی راہ پکڑی، آندرے رسل کی گیند پر عمران خالد نے انکا کیچ پکڑا۔
سنگاکارا کے بعد احمد شہزاد نے پھر نئے ساتھی کے ساتھ بڑے ہدف کے حصول کیلئے کمان سنبھالی، سنگاکارا کے بعد کوئٹہ کی جانب سے محمد نواز نے بلا سنبھالا، تاہم وہ زیادہ دیر وکٹ پر نہ ٹھیر سکے اور فقط سات رنز کے اسکور پر ہی واپس چلے آئے۔ ٹیم کا اسکور 147 پر پہنچا تو محمد سمیع کی گیند پر بدری کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوکر احمد شہزاد بھی ساتھ چھوڑ گئے، اوپنر احمد شہزاد نے 39 گیندوں پر 64 رنز کی دھواں دھار اننگ کھیلی۔
احمد شہزاد کے بعد تمام ذمہ داری کپتان سرفراز احمد کے کندھوں پر آئی، مگر وہ ناکام ہوگئے اور صرف تین رنز بنا کر محمد عرفان کی گیند پر اسمتھ کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوگئے۔
میچ کا انیسواں اوور انور علی نے ضائع کر دیا، محمد سمیع کی بولنگ کے آگے انور علی کی ایک نہ چلی اور اس اوور میں وہ صرف 4 رنز ہی بنا سکے،اسکور کو آگے بڑھانے کے چکر میں انور علی چوتھی گیند پر 13 رنز بنا کر کیچ آؤٹ ہوگئے، اننگز کی آخری گیند پر ایلیٹ نے چھکا مار کر کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے اسکور کو 174 تک پہنچاتے ہوئے تگڑا ہدف فریق کو دے دیا۔
ذیل میں دونوں ٹیموں کے اسکواڈ کی تفصیل۔
:اسلام آباد اسکواڈ : کپتان مصباح الحق، بریڈ ہیڈن، خالد لطیف، محمد عرفان، محمد سمی، آندرے رسل، شرجیل خان، ڈیوان سمتھ، سمیول بدری، عمران خالد، آصف علی
:کوئٹہ اسکواڈ : کپتان سرفراز احمد، احمد شہزاد، اعزاز چیمہ، کیون پیٹرسن، بسم اللہ خان، کمار سنگاکارا، ذوالفقار بابر، انوار علی، محمد نواز، ایلیٹ، نیتھن میکلم۔ سماء