کورکمانڈرزاجلاس کل،مشرف،امن مذاکرات ایجنڈے کااہم حصہ ہونگے
ویب ایڈیٹر
راول پنڈی : پاکستان آرمی کی کور کمانڈرز کانفرنس کل جی ایچ کیو راول پنڈی میں ہوگی، کانفرنس میں سابق آرمی چیف اور صدر پرویز مشرف اور کالعدم طالبان کے ساتھ امن مذاکرات ایجنڈے کا اہم حصہ ہونگے۔
آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری کردہ بیان کے مطابق آرمی چیف جنرل راحیل شریف کی زیر صدارت 171 ویں کور کمانڈرز کانفرنس کل جنرل ہیڈ کواٹرز راول پنڈی میں ہوگی۔ صدارت اجلاس میں تمام کور کمانڈرز ، ڈی جی آئی ایس آئی ، ڈی جی ایم آئی اور ڈی جی ایم اوز بھی شرکت کریں گے ۔ پاک فوج کے ترجمان کا کہنا ہے کہ کور کمانڈرز اجلاس معمول کا طلب کیا گیا اجلاس ہے، جس میں مشرقی سرحدوں، پاک افواج کی بنیادی تربیت پاک افغان سرحد سمیت مختلف امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا جائے گا۔
ذرائع کے مطابق کل ہونے والا اجلاس انتہائی اہمیت کا حامل ہے، ذرائع کے مطابق اجلاس میں حکومت اور کالعدم طالبان مذاکرات اور سابق آرمی چیف اور صدر پرویز مشرف کے معاملے پر حکمت عملی وضع کی جائے گی اور اب تک کی صورت حال کا جائزہ لیا جائے گا۔ ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ اجلاس میں مختلف حلقوں کی جانب سے پاک افواج پر کی جانے والی تنقید اور آراء کا جائزہ لیا جائے گا۔ اجلاس میں مختلف پیشہ ورانہ امورپر تفصیلی تبادلہ خیال، اور ملک کی اندرونی اور بیرونی سلامتی کی صورت حال کا جائزہ بھی لیا جائے گا۔ سماء