افغان طالبان ٹی ٹی پی کی باہمی لڑائی ختم کرانے کیلئے سرگرم، ملا عمر کا خط
اسٹاف رپورٹ
اسلام آباد : افغان طالبان نے جنوبی وزیرستان میں باہمی لڑائی ختم کرانے کی کوششیں شروع کردیں، ملا عمر کے حوالے سے ایک خط بھی سامنے آگیا، جس میں انہوں نے لڑائی کے خاتمے کیلئے دعا کی اپیل کی ہے۔
بیت اللہ محسود کی ہلاکت کے بعد جنوبی وزیرستان میں قیادت محسودوں کے ہاتھ سے نکل گئی، ملا عمر کے حکم پر سوات کے ملا فضل اللہ کو کالعدم تحریک طالبان کا سربراہ بنادیا گیا تب سے یہ لاوا پک رہا تھا۔
وزیرستان میں 2 کمانڈروں شہریار محسود اور خان سید عرف سجنا کے درمیان جھگڑا ختم کرانے کیلئے افغان طالبان نے کوشش شروع کردی، عوام سے بھی جنگ بندی کیلئے دعا کی اپیل کردی ہے۔
افغان طالبان نے شمالی وزیرستان میں ایک پمفلٹ تقسیم کیا جس میں تسلیم کیا گیا کہ محسود کمانڈروں میں شدید اختلافات اور جنگ جاری ہے، جس کے خاتمے کیلئے دعا کی جائے۔
شہریار محسود اور خان سید عرف سجنا کے درمیان جاری جھڑپوں میں حقانی نیٹ ورک کے کمانڈر سمیت 30 کے قریب جنگجو مارے جاچکے ہیں، حقانی کمانڈر تفصیے کی کوششوں میں مصروف تھا، محسود کمانڈروں کے درمیان جاری کشیدگی کی بنیادی وجہ امارت کا حصول ہے۔ سماء