عابد شیر علی ذہنی مریض ہیں، میاں صاحب ان کا میٹر ٹھیک کرلیں، شوکت یوسفزئی
اسٹاف رپورٹ
لاہور : خيبر پختونخوا کے وزير صنعت شوکت يوسف زئی نے عابد شیر علی کو ذہنی مریض قرار دے دیا، اُن کا کہنا ہے میاں صاحب اپنے وزیر کا میٹر ٹھیک کرلیں۔
بجلی کے معاملے پر خيبرپختونخوا اور وفاق ميں تناؤ برقرار ہے، عابد شير علی اور تحريک انصاف کے صوبائی وزراء کے ايک دوسرے پر کاری وار کررہے ہیں۔
عابد شيرعلی نے عدم ادائيگی پر خيبرپختونخوا کے کچھ فيڈر بند کرائے تو جواب ميں شوکت يوسف زئی ميدان ميں آئے نہ صرف وزارت پانی و بجلی کو تنقيد کا نشانہ بنايا بلکہ انتخابات ميں بلند و بانگ دعوے کرنے والی مسلم ليگ ن کی قيادت کو بھی آڑے ہاتھوں ليا۔
خيبرپختونخوا کے وزيرصنعت و تجارت نے دعویٰ کيا کہ واپڈا نے ان کے 350 ارب روپے ادا کرنے ہيں، وفاق سالانہ 47 ارب روپے ادا کرے، تو ان کی حکومت بجلی بحران ختم کرنے کا مؤثر پلان بنا سکتی ہے۔ سماء