وزیراعلیٰ سندھ قائم علی شاہ سے وفاقی وزیر سردار محمد یوسف کی ملاقات

7

کراچی : وفاقی وزیر برائے مذہبی امور سردار محمد یوسف نے وزیراعلیٰ سندھ سے ملاقات کی، جس میں مجوزہ بین المذاہب کانفرنس سے متعلق تبادلہ خیال کیا گیا۔ سید قائم علی شاہ نے کہا کہ صوبائی حکومت مذہبی رواداری و ہم آہنگی اور فرقہ واریت کی روک تھام کیلئے کوشاں ہے۔

وزیراعلیٰ ہاؤس سے جاری اعلامیہ کے مطابق وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ سے وفاقی وزیر مذہبی امور سردار محمد یوسف کی ملاقات میں بین المذاہب و فرقہ ورانہ ہم آہنگی سمیت مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا گیا، اس موقع پر وفاقی وزیر برائے مذہبی امور سردار محمد یوسف نے بتایا کہ وفاقی وزارت مذہبی امور بین المذاہب کے عنوان سے کانفرنس کررہی ہے جس میں دنیا بھر سے وفود شرکت کریں گے۔

وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ صوبائی حکومت مذہبی رواداری و مذہبی ہم آہنگی کے فروغ اور فرقہ واریت کی روک تھام کیلئے کوشاں ہے، ہم نے نفرت اور اشتعال انگیز تقاریر کرنے پر متعدد افراد کیخلاف مقدمات بھی درج کئے ہیں اور گرفتاریاں بھی ہوئی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ صوبہ سندھ میں مذہبی و فرقہ ورانہ ہم آہنگی ہے، تمام فرقوں کے علماء کا ہمارے ساتھ بھرپور تعاون رہا ہے، ہم مدارس کی رجسٹریشن تقریباً مکمل کرنے والے ہیں، مدارس کے نصاب میں کمپیوٹر کی تعلیم شامل کرنے اور دیگر تعلیمی اصلاحات پر سندھ حکومت کام کررہی ہے۔

دوسری جانب وفاقی وزیر مذہبی امور سردار محمد یوسف نے کراچی پریس کلب میں صحافیوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مدارس اور تعلیمی اداروں کا نصاب یکساں ہونا چاہئے، 3 سال کے دوران مذہبی منافرت کیخلاف قانون سازی کی، حج کے انتظامات میں بہتری آئی ہے، اخراجات 3 لاکھ سے کم کرکے ڈھائی لاکھ پر لائے، حج پالیسی میں مزید بہتری لائیں گے۔ سماء

Sardar Yousuf

Minister Religious Affairm

Tabool ads will show in this div