کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے، اصولی مؤقف پر قائم رہیں گے، صدر ممنون

Feb 04, 2016

6

اسلام آباد : صدر مملکت ممنون حسین نے کہا ہے کہ پاکستان کا ہر بچہ یہ احساس لے کر پیدا ہوتا ہے کہ کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے اور پاکستان کسی مصلحت کو خاطر میں لائے بغیر کشمیر پر اپنے اصولی مؤقف پر قائم رہے گا۔

صدر مملکت ممنون حسین سے کشمیری حریت قائدین نے یومِ یکجہتی کشمیر کے سلسلے میں ایوان صدر میں ملاقات کی، اس موقع پر صدر مملکت نے کہا کہ مسئلہ کشمیر کا واحد حل اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق استصواب رائے ہے جو عالمی مسلمہ اصولوں کے عین مطابق ہے۔

ان کا کہنا ہے کہ پاکستان کی قیادت اور عوام کشمیریوں کے ساتھ ہیں اور جدوجہد آزادی کی مکمل حمایت کرتے ہیں، پاکستان کشمیر کے عوام کی جدوجہد کی سیاسی، سفارتی اور اخلاقی حمایت جاری رکھیں گے، عالمی برادری اور دیگر مختلف عالمی فورمز کے ذریعے کشمیریوں پر ہونے والے مظالم سے بھی دنیا کو آگاہ کرتے رہیں گے۔

صدر مملکت بولے کہ کشمیری عوام جس طرح پورے عزم اور جراٴت کے ساتھ آزادی کی تحریک چلارہے ہیں وہ لائق تحسین ہے اور پوری با ضمیر دنیا ان کے مؤقف کی حمایت کرتی ہے، پاکستان میں کوئی بھی حکومت ہو، کشمیر سے متعلق اپنا مؤقف کسی بھی صورت تبدیل نہیں کرے گی۔

حریت قائدین نے مسئلہ کشمیر پر حکومت پاکستان اور پاکستانی عوام کی مخلصانہ اور پُر زور حمایت پر ان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی حمایت کی وجہ سے جدوجہد آزادی میں شریک کشمیری عوام کے حوصلے بلند ہوتے ہیں۔

ان قائدین نے کہا کہ مشکل کی ہر گھڑی میں کشمیر کے لوگ پاکستان کی طرف دیکھتے ہیں اور انہیں کسی بھی موقع پر پاکستان کے عوام یا حکومت پاکستان نے مایوس نہیں کیا۔

اس موقع پر وفاقی وزیر برائے امورِ کشمیر برجیس طاہر، قائم مقام سیکریٹری خارجہ اور حریت قائدین فاروقی رحمانی، غلام محمد صفی، محمود ساگر، طاہر مسعود، فیاض نقشبندی، ملک محمد مجید، اطہر مسعود وانی موجود تھے۔ اے پی پی

MAMNOON HUSSAIN

Kashmir Day

Tabool ads will show in this div