پی آئی اے کااندرون ملک اپنےمسافروں کے لیےائیربلواورشاہین ائیرسےمعاہدہ
اسلام آباد:پی آئی اے نے ملازمین کی ہڑتال کے باعث منسوخ ہونے والی پروازوں کے مسافروں کے لیے حل ڈھونڈ نکالاہے۔ وہ مسافر جن کے پاس پی آئی اے کی ٹکٹس موجود ہیں، وہ ائیر بلو اور شاہین ائیر کی پروازوں سے اندرون ملک سفر کرسکیں گے۔
پی آئی اے کے ترجمان دانیال گیلانی نے سما سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ جن مسافروں کے پاس پی آئی اے کی کنفرم ٹکٹس موجود ہیں، وہ اندرون ملک ائیر بلو اور شاہین ائیر کی پروازوں پر سفر کرسکیں گے۔
انھوں نے بتایا کہ مسافروں کو نجی ائیر لائن کے دفاتر آکر پی آئی اے کے کنفرم ٹکٹس بدلوانے ہونگے۔ انھوں نے مزید کہا کہ یہ انتظامات موجودہ بحرانی صورتحال کے باعث کئے گئے ہیں۔
مزید پڑھیئے:نجکاری سمیت ہرممکن اقدام کریں گے، پرویزرشید
پی آئی اے کے ترجمان کا مزید کہنا تھا کہ ائیر بلو کے ساتھ مسقط ، دبئی جدہ ،ریاض کے بین الاقوامی روٹس پر پروازوں کے لیے مذاکرات جاری ہیں جس کے بعد پی آئی اے کے کنفرم ٹکٹ رکھنے والے ان مقامات پر بھی سفر کرسکیں گے۔
انھوں نے کہا کہ اندرون ملک روٹس پر نجی ائیر لائن کے ساتھ سفر کرنے کی سہولت فوری طور پر نافذ العمل ہے۔
مزید پڑھیئے:چیئرمین پی آئی اے ناصر جعفر کا مستعفی ہونے کا اعلان
واضح رہے کہ پی آئی اے کی نجکاری کے حکومتی فیصلے کے خلاف ملازمین کے احتجاج کی وجہ سے ادارے میں کام بند ہے اور اندرون ملک اور بیرون ملک پروازوں کا شیڈول شدید متاثر ہوا ہے۔ سما