امریکا سائنس و ٹیکنالوجی کے شعبہ کیلئے پاکستان کو 80 لاکھ ڈالر امداد دیگا
اسلام آباد : امریکا سائنس و ٹیکنالوجی کے شعبہ کیلئے پاکستان کو 80 لاکھ ڈالر فراہم کرے گا، دونوں ممالک کے درمیان مفاہمت کی یادداشت پر کل دستخط کئے جائیں گے۔
پاکستان اور امریکا کے درمیان سائنس و ٹیکنالوجی کے شعبہ میں تعاون کے پروگرام کے ساتویں مرحلہ کیلئے مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کی تقریب جمعرات کو ہائر ایجوکیشن کمیشن کے آڈیٹوریم میں منعقد ہوگی۔
امریکا پاکستان کو سائنس و ٹیکنالوجی کے شعبے کی ترقی کیلئے 80 لاکھ ڈالر امداد دے گا، مفاہمت کی اس یادداشت کے نتیجے میں دونوں ممالک کے درمیان سائنس و ٹیکنالوجی کے شعبے میں تعاون کے پروگرام کی مد میں فراہم کئے جانے والے فنڈز دوگنا ہوجائیں گے۔
پروگرام کے مقاصد میں پاکستان میں انسانی اور اقتصادی ترقی کو تیز کرنے کیلئے سائنس و ٹیکنالوجی کمیونٹی کی صلاحیتوں کو بڑھانا، اعلیٰ تعلیم کے پاکستانی اداروں کے سائنس و ٹیکنالوجی کے شعبوں میں تعلیم اور تحقیق کے معیار، مطابقت اور صلاحیت کو بہتر بنانا اور پاکستانی تحقیقی اداروں کی صنعتی مسابقت کی امداد کیلئے صلاحیتوں کو بہتر بنانا شامل ہے۔ اے پی پی