کراچی جعلی مقابلہ ، قاتل اہلکاروں کا تیسرا ساتھی پولیس کا پرائیویٹ کلر نکلا

اسٹاف رپورٹ

کراچی : کراچی میں جعلی پولیس مقابلے سے متعلق سماء کی رپورٹ نے تہلکہ مچا دیا ہے، تحقیقات میں کالی وردی والوں کے کالے کرتوں سے پردے اٹھ رہے ہیں، 2 شہریوں کی جان لینے والے اہلکاروں کے ساتھ تیسرا شخص پولیس کا پرائیوٹ قاتل تھا۔

اورنگی ٹاون میں جعلی پولیس مقابلے کی تحقیقات میں پولیس کی کالی بھیڑوں کے کالے کرتوں پر سے پردے اٹھنے لگے، پولیس حکام نے تو چپ سادھ لی لیکن سماء نے ایک اور کڑی تلاش کرلی۔

اورنگی ٹاؤن پير آباد تھانے کی حدود ميں جعلی مقابلے کے دوران بندوق تانے اور ہوائی فائرنگ کرنیوالے ٹی شرٹ ميں ملبوس شخص کی شناخت بھی ہوگئی، اس شخص کا نام عراق احمد ہے جو پوليس اہلکار نہيں بلکہ جرائم پيشہ ہے۔

سماء کی تحقیق میں پتہ چلا ہے کہ عراق احمد پاپوش نگر پوليس کے ہاتھوں 2013ء ميں ٹائر چوری کے مقدمے میں گرفتار ہوا، کرائم ريکارڈ ميں اس کی تفصيل بھی موجود ہے، رہائی کے بعد عراق احمد پوليس کا مخبر بن گیا اور پھر پوليس کے ساتھ جعلی مقابلے کا حصہ دار بھی بنا۔

سماء کی فوٹیج میں واضح دیکھا جاسکتا ہے کہ عراق احمد کے پاس اسلحہ بھی سرکاری ہے، جعلی مقابلے کی تحقیقات کرنے والے ایس ایس پی عرفان بلوچ نے بھی عراق احمد کے جرائم پیشہ ہونے کی تصدیق کردی اور کہا کہ اسے بھی تلاش کیا جارہا ہے۔

چار روز گزر جانے کے باوجود پولیس کی جانب سے نہ ہی تحقیقات مکمل ہوئی اور نہ ہی قاتل پکڑے گئے، الٹا مقتولین کے لواحقین کو ڈرا دھمکا کر زبردستی اپنی مرضی کا بیان لیا گیا تاکہ پیٹی بند بھائیوں کو بچایا جاسکے۔ سماء

Hayatabad

ramadan

euros

damages

Tabool ads will show in this div