ایم کیو ایم سندھ حکومت میں شامل، 2 صوبائی وزراء نے حلف اٹھالیا
ویب ایڈیٹر
کراچی : ایم کیو ایم کے صوبائی وزراء ڈاکٹر صغیر اور رؤف صدیقی نے حلف اٹھالیا، گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد خان نے دونوں وزراء سے حلف لیا۔
متحدہ قومی موومنٹ پیپلزپارٹی کی سندھ حکومت میں شامل ہوگئی، دو وزراء نے حلف اٹھالیا، گورنر ہاؤس کراچی میں تقریب حلف برداری ہوئی جس میں وزیراعلیٰ سندھ قائم علی شاہ، سابق وزیر داخلہ رحمان ملک سمیت اہم شخصیات نے شرکت کی۔
متحدہ قومی موومنٹ کے کابینہ میں 2 وزراء اور 2 مشیر شامل کئے گئے ہیں جبکہ ایک معاون خصوصی بھی بنایا گیا، مشیروں اور معاون خصوصی کو بھی صوبائی وزیر کا درجہ حاصل ہوگا۔
ذرائع کے مطابق ڈاکٹر صغير احمد کو وزارت صحت جبکہ رؤف صدیقی صنعت کا قلمدان ملے گا۔
ایم کیو ایم کے مشیروں اور معاون خصوصی کو ماحوليات، اوقاف يا مذہبی امور، کھيل و امور نوجوانان کے قلمدان ملنے کا امکان ہے، عادل صديقی اور فيصل سبزواری کو مشير جبکہ عبدالحسيب خان کو معاون خصوصی بنایا جاسکتا ہے۔
وزیراعلیٰ سندھ قائم علی شاہ کا کہنا ہے کہ ایم کیو ایم اور پیپلزپارٹی مل کر پہلے سے بھی زیادہ عوام کی خدمت کریں گے، عوامی توقعات پر پورا اتریں گے۔
سابق وزیر داخلہ رحمان ملک کہتے ہیں کہ آصف علی زرداری کی مفاہمتی پالیسی کے نتائج سامنے آرہے ہیں، ایم کیو ایم کا سندھ حکومت میں شامل ہونا خوشخبری ہے، ہم سندھ کو خوشحال اور مثالی بنانا چاہتے ہیں، پیپلزپارٹی کی حکومت میں کبھی اداروں کا ٹکراؤ نہیں ہوا۔
انہوں نے مزید کہا کہ سندھ میں اتحاد پر الطاف حسین اور آصف زرداری کو مبارکباد دیتا ہوں، کراچی کا گلا گھونٹیں گے تو پاکستان متاثر ہوگا۔
واضح ہے کہ ایم کیو ایم کی سندھ حکومت میں شمولیت کی خبر گزشتہ روز ہی سماء نے دے دی تھی۔ سماء