ہیلری کلنٹن اسلام آباد پہنچ گئیں

Nov 30, -0001

اسٹاف رپورٹ

اسلام آباد: امریکی وزیر خارجہ ہیلری کلنٹن دو روزہ دورے پر اسلام آباد پہنچ گئی ہیں۔ گزشتہ ڈیڑھ برسوں میں یہ ان کا تیسرا دورہ ہے۔
 
دفتر خارجہ کے ذرائع کے مطابق امریکی وزیر خارجہ اپنے دورے کے دوران پاکستان کی سیاسی اور عسکری قیادت سے ملاقاتیں کریں گی۔

ملاقاتوں میں پاک امریکا حالیہ کشیدہ صورتحال، حقانی نیٹ ورک، افغان امن عمل اور پاک افغان سرحد پر سیکیورٹی کی صورتحال زیر غور آئے گی۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ ان ملاقاتوں میں پاک امریکا اسٹریٹیجک مذاکرات دوبارہ شروع کرنے کا معاملہ بھی زیر بحث آئے گا۔

اس سے قبل ہیلری کلنٹن بطور وزیر خارجہ دو بارپاکستان کا دورہ کر چکی ہیں۔ ہیلری کلنٹن دو ہزار دس میں پاک امریکا اسٹریٹیجک مذاکرات میں شرکت کیلئے جبکہ مئی دو ہزار گیارہ میں ایبٹ آباد آپریشن کے بعد، پاک امریکا تعلقات میں کشیدگی کم کرنے کیلئے پاکستان آئیں تھیں۔

مبصرین کا کہنا ہے کہ ہیلری کلنٹن کے حالیہ دورہ پاکستان سے دو طرفہ تعلقات میں بہتری اور دونوں ممالک کو علاقائی امور پر ایک دوسرے کا مؤقف سمجھنے کا موقع ملے گا۔

امریکی سفارت خانے کے ذرائع کے مطابق، ہیلری کلنٹن اپنے حالیہ دورہ پاکستان میں امریکی صدر باراک اوباما کے متوقع دورہ پاکستان کے حوالے سے بھی بات چیت کریں گی۔

امریکی اسٹیٹ ڈیپارٹمنٹ کے ذرائع کے مطابق، صدر باراک اوباما آئندہ سال کے اوائل میں پاکستان کا دورہ کریں گے۔ 

ceo

sales

Tabool ads will show in this div