دفاعی اداروں کی عزت کے معاملے پر کوئی غلط فہمی میں نہ رہے: چودھری نثار
اسٹاف رپورٹ
اسلام آباد: وفاقی وزیر داخلہ چودھری نثار علی خان نے کہا ہے کہ دفاعی اداروں کی عزت اور وقار کے معاملے پر کوئی غلط فہمی میں نہ رہے۔ یہ ہماری حکومتی ہی نہیں، آئینی اور قانونی ذمہ داری بھی ہے۔
اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو میں وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ حامد میر کے معاملے پر ہر طرح سے تحقیقات کریں گے مگر میڈیا ٹرائل بند ہونا چاہئے۔ بہتر ہوتا کہ حامد میر کا بیان میڈیا کے بجائے پولیس یا کمیشن کے سامنے آتا۔ انہوں نے کہا کہ وہ دفاعی اداروں کے ترجمان نہیں، دفاعی اداروں نے خود آزاد کمیشن بنانے کا کہا۔ میڈیا کے بیانات مؤقف کو نقصان پہنچا سکتے ہیں۔ وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ پولیس پر الزام لگا اور ثبوت کوئی نہیں ہے۔ پولیس انکوائری کے بغیر میڈیا ٹرائل ہو رہا ہے، جس کا فائدہ دشمن کو ہو رہا ہے۔ بطور پاکستانی کہتا ہوں کہ آزاد میڈیا اور باوقار دفاعی ادارے دونوں ملک کی ضرورت ہیں۔ سب کو ایک قدم پیچھے ہٹنا ہوگا۔ چودھری نثار نے بتایا کہ طالبان کمیٹی کو بتا دیا کہ یہاں تک فوج اور ایجنسیوں کی حمایت سے پہنچے۔ سماء