
تحرير: محمد قربان
گلے محلے ميں ريڑھي والے کي "آلو لو، ٹماٹر لو" کي آوازيں تو اکثر سننے کو مل جاتي ہيں ليکن "اپني ہانڈياں گرم کرا لو" کي صدا عجيب ہی لگی۔ فيصل آباد ميں ايک شخص نے ريڑھي پر ديسي اوون رکھا اور گلي گلي جا کر سوئي گيس کی بندش کے ستائے عوام کي مشکل آسان کر دي۔ اب خواتين کو ہانڈياں گرم کرنے کے لئے گيس آنے کا انتظار نہيں کرنا پڑتا۔ بس ديسي اوون والے جاويد بھٹي کو دس روپے ديں ،ہانڈي گرم کروائيں اور گرما گرم سالن کا مزہ اٹھائيں۔

پنجاب بھر ميں سردي کے ساتھ ہي شروع ہو جانے والی گيس کي لوڈ شيڈنگ نے شہريوں کے معمولات زندگي کو درہم برہم کر رکھا ہے۔ شہر کے گنجان آباد علاقوں میں واقع گھروں کے چولہوں میں آگ جلے مدت گزر گئي۔ جہاں تھوڑي بہت گيس آ بھي جاتي ہے وہاں بھي پريشر اتنا نہيں ہوتا کہ روٹي ہي پک سکے۔ صبح سويرے بچے بھوکے اور بغیر استری کے یونیفارم پہن کر سکول جاتے ہيں۔

ديہات سے تعلق رکھنے والي خواتين تو "ہانڈي روٹي" کے لئے لکڑي بھي جلا ليتي ہيں ليکن شہري خواتین کي اکثريت لکڑي کا چولہا جلانے کے "فن" سے بھي واقف نہيں۔ ان کا دوسرا انحصار ايل پي جي پر ہوتا ہے اور ايل پي جي مافيا بھي لوگوں کي مجبوريوں سے فائدہ اٹھانے کا کوئي موقع ہاتھ سے جانے نہيں ديتا۔

گيس کو ترسے عوام سڑکوں پر ہيں۔ کہيں خواتين گھروں کے برتن اٹھا کر صدائے احتجاج بلند کرتي نظر آتي ہيں تو کہيں "توا بردار" خواتين حکومت کو کوستي دکھائي ديتي ہيں ليکن حکومت ہے کہ کانوں پر جوں تک نہيں رينگ رہي۔
سرکار اپني بے بسي کچھ يوں ظاہر کرتي ہے کہ پنجاب میں گیس کی طلب ملنے والے کوٹے سے زیادہ ہے اور اٹھارہويں ترميم کے تحت گيس کے استعمال پر پہلا حق ان صوبوں کا ہے جہاں گيس پيدا ہوتي ہے۔ کيا حکومت يہ "آئيني تقاضے" لوگوں کو سمجھا کر اس بحران سے جان چھڑا سکتي ہے۔

اگرچہ حکومت نے سي اين جي سيکٹر اور صنعتي شعبے کو گیس کی فراہمی بند کرکے شہريوں کو کچھ ريليف دينے کي کوشش تو کي ہے ليکن يہ اقدامات کافي نہيں ہيں۔ پاکستان میں گیس کے بحران کے مستقل خاتمے کے لیے گیس چوری روکنے، گیس کے نئے ذخائر کی تلاش کے عمل کو تیز تر کرنے اور حکومتی ترجیحات کے درست تعین کی ضرورت ہے۔
تاپي گيس منصوبے پر بھي کام تيز کرنا ہوگا۔ 56 انچ قطر پائپ لائن کا تاپي منصوبہ ايک ہزار 680 کلوميٹر طويل ہے جس سے پاکستان کو ايک ارب 32 کروڑ معکعب فٹ گيس روزانہ ملے گي اور شايد يہ منصوبہ ہي گيس کے بحران کو ختم کرپائے گا۔