چوہدری نثار فائدہ اٹھانا ثابت کریں، خورشید شاہ کا چیلنج

Khursheed Shah Pc Sukkar New 28-01

سکھر : نثار کے وار کا جواب دینے خورشید شاہ میدان میں آگئے، وزیر داخلہ کو بیمار ذہن قرار دیا، عاصم فوبیا کی بیماری بھی بتادی، چوہدری نثار کو فائدہ اٹھانا ثابت کرنے کا چیلنج بھی دے ڈالا۔ بولے کہ میاں صاحب کی آستینوں میں سانپ چھپے ہوئے ہیں، ہمارے خلاف بیان دے کر حکومت کو نقصان پہنچانا چاہتے ہیں۔

سکھر میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پیپلزپارٹی کے رہنماء اور اپوزیشن لیڈر خورشید شاہ نے کہا کہ سید ہوں، الزام تراشی کی سیاست نہیں کرتا، صرف ایک شخص کہتا ہے نیشنل ایکشن پلان پر عمل ہوا، نیکٹا کی ایک میٹنگ بھی نہیں ہوئی، ویب سائٹ بھی ختم کردی گئی، چوہدری نثار تحقیقاتی کمیشن کیخلاف ہیں، لگتا ہے وہ جنگ کو ختم کرنے کے بجائے لمبا کرنا چاہتے ہیں۔

ان کا مزید کہنا ہے کہ میاں صاحب کی آستینوں میں سانپ چھپے ہوئے ہیں، ڈستے ایک کو ہیں مرتا کوئی اور ہے، ہمارے خلاف بیان دیکر حکومت کو نقصان پہنچانا چاہتے ہیں، چوہدری نثار کا جواب پارلیمنٹ میں نواز شریف کے سامنے دینا چاہتا ہوں، نواز شریف سے پوچھنا چاہتا ہوں میں نے کیا فائدہ اٹھایا، میرا فائدہ اٹھانا ثابت کردیں سیاست کو خیرباد کہہ دوں گا، بصورت دیگر بات عدالت تک جائے گی۔

پی پی رہنماء نے کہا کہ پشاور اور چارسدہ جیسے حملے کون کررہا ہے، پتہ لگانا ضروری ہے اس لئے جوڈیشل انکوائری کا مطالبہ کیا، پوائنٹ اسکورنگ تب کرتے جب عمران خان کنٹینر پر تھا، ایم کیو ایم مستعفی ہوئی تب بھی بلیک میلنگ کرسکتے تھے، ایسی باتیں بیمار ذہن کی پیداوار ہیں، چوہدری نثار کو ڈاکٹر عاصم فوبیا ہوگیا ہے، کبھی اسمبلی یا میڈیا میں اس سے متعلق کوئی بات نہیں کی، ڈاکٹر عاصم جانیں اور عدالت، میرے بیان پر کسی کا سیخ پا ہونا ثابت کرتا ہے دال میں کچھ کالا ہے، بے بنیاد الزامات لگانا حکومت کا وطیرہ بن گیا، جب بھی حکومت بحران میں پھنسی جمہوریت کی خاطر نظام کو بچایا۔ سماء

ChohadryNisar

Politics

KHURSHEED SHAH

Tabool ads will show in this div