ملکی مسائل کے حل کیلئے حکومت، فوج اور میڈیا کو کوششیں کرنا ہونگی، نواز شریف
ویب ایڈیٹر
لندن : وزیراعظم نواز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان کے مسائل ایک جماعت یا شخصیت حل نہیں کرسکتی، حکومت، فوج اور میڈیا کو مل کر کوششیں کرنا ہوں گی۔
لندن میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم نواز شریف کا کہنا ہے کہ پاکستان کے مسائل کا حل میری ذاتی ذمہ داری ہے، کوئی ایک جماعت یا شخصیت قومی مسائل حل نہیں کرسکتی، کوئی اکیلا مسائل حل کرسکتا ہے نہ اس کی کوشش ہونی چاہئے، حکومت، فوج، اور میڈیا کو مل کر ملکی مسائل حل کرنے کیلئے کوششیں کرنا ہوں گی۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان جلد روشنیوں کا ملک بنے گا، برطانیہ نے پاکستان کو توانائی کے شعبے میں تعاون کی پیشکش کی ہے، بجلی کی کمی پر بتدریج قابو پارہے ہیں، صورتحال جلد بہتر ہوگی۔
نواز شریف کہتے ہیں کہ چین توانائی کے شعبے میں 33 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کرے گا، توانائی کے شعبے میں تعاون پر چین کے شکر گزار ہیں، بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کیلئے پنجاب حکومت کے اقدامات قابل ستائش ہیں۔
واضح رہے کہ وزیراعظم نواز شریف کے دورہ برطانیہ میں وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف اور وزیراعلیٰ بلوچستان ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ بھی ان کے ہمراہ ہیں۔ سماء