بھارت کا یوم جمہوریہ؛ کشمیری کل یوم سیاہ منائیں گے
سری نگر: کنٹرول لائن کے دونوں جانب اور دنیا بھر میں مقیم کشمیری منگل کو بھارت کا یوم جمہوریہ یوم سیاہ کے طور پر منائیں گے۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق یوم سیاہ منانے کی کال کل جماعتی حریت کانفرنس (گ) کے چیئرمین سید علی گیلانی ، میر واعظ عمر فاروق اور محمد یاسین ملک نے د ی ہے جبکہ دیگر آزادی پسند رہنماﺅں نے اسکی حمایت کی ہے۔
کال کا مقصد عالمی برادری کو باور کرانا ہے کہ بھارت کشمیریوں کو ان کا ناقابل تنسیخ حق، حق خود ارادیت دینے سے مسلسل انکار کر رہا ہے۔ اس روز مقبوضہ کشمیر میں مکمل ہڑتال کی جائے گی جبکہ دنیا بھر کے دارلحکومتوں میں بھارت مخالف مظاہرے اور ریلیاں منعقد کی جائیں گی۔
بھارتی پولیس نے بھارتی یوم جمہوریہ کی تقریبات سے قبل مقبوضہ علاقے کے اطراف و اکناف سے سینکڑوں نوجوان گرفتار کرلیے ہیں۔ سری نگر اور دیگر قصبوں میں بھارتی فوجیوں کی ایک بڑی تعداد تعینات کی گئی ہے۔ گھروں پر چھاپے مارے جارہے ہیں اور راہگیروں کی جامہ تلاشی لی جا رہی ہے۔
حریت رہنماﺅں ظفر اکبر بٹ ، آسیہ اندرابی، فریدہ بہن جی اور کل جماعتی حریت کانفرنس کے ترجمان نے اپنے بیانات میں کہا کہ بھارت مقبوضہ کشمیر میں اپنا یوم جمہوریہ منانے کا کوئی حق نہیں رکھتا کیونکہ اس نے جموں وکشمیر پر غیر قانونی طور پر قبضہ جما رکھا ہے۔
کل جماعتی حریت کانفرنس کے چیئرمین میر واعظ عمر فاروق نے سرینگر میں ایک بیان میں عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ تنازعہ کشمیر کی حساسیت کا ادراک کرے۔ انہوں نے کشمیریوں کو مذاکراتی عمل میں شامل کرنے کی ضرورت پر زور دیا تاکہ تنازعہ کشمیر کاپائیدار اور دیر پا حل نکالا جاسکے۔ سماء/اے پی پی