پاک افغان سرحدپرافغان فورسزکی بلااشتعال گولاباری،اہلکارشہید
ویب ایڈیٹر:
باجوڑ ایجنسی : پاک افغان سرحد پر افغان سیکیورٹی فورسز کی بلا اشتعال گولا باری سے ایک سیکیورٹی اہلکار شہید ہوگیا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق باجوڑ ایجنسی کی حدود میں افغانستان کی جانب سےفائرنگ آج 11بج کر45منٹ پرہوئی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق باجوڑ ایجنسی کے علاقے میں افغان فورسز نے پاکستانی سیکورٹی چیک پوسٹ پر فائرنگ کی، جس سے ایک اہل کار شہید ہوگیا۔
واضح رہے کہ افغان سیکیورٹی اہلکاروں کی جانب سے متعدد مرتبہ فائرنگ اور مارٹر گولوں کی شیلنگ فائر کئے جاتے رہے ہیں۔افغانستان اور پاکستان کے درمیان 2,000 کلومیٹر سے زائد طویل سرحد موجود ہے۔ گزشتہ برس ستمبر میں افغان افواج کی جانب سے سرحدی علاقے اور بلوچستان کے ایک اہم ضلعے ژوب کے ایک گاؤں میں فائرنگ سے پانچ افراد ہلاک اور 25 زخمی ہوگئے تھے۔ ہلاک ہونے والوں میں ایک خاتون بھی شامل تھیں۔
مئی دوہزارتیرہ میں پاکستان نے سینیر افغان سفارت کار پر سرحدی خلاف ورزیوں پر شدید احتجاج کیا تھا جس میں پانچ پاکستانی سیکیورٹی اہلکار شدید زخمی ہوگئے تھے۔
اگست دوہزار بارہ میں دونوں اطراف کی افواج میں دو گھنٹے تک فائرنگ ہوتی رہی ۔ اگرچہ اس میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا لیکن دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کشیدہ ہوگئے تھے۔ اس سے قبل 2011 نومبر 26 کو پاکستان کی سلالہ چیک پوسٹ پر حملہ اور 24 سے زائد اہل کاروں کی شہادت بھی اسی سلسلے کی کڑی ہے، حملے میں پاک فوج کے دو افسر میجر مجاہد اور کیپٹن عثمان بھی شہید ہوئے تھے۔ سماء