تیسرا ٹی ٹوئنٹی؛ کیویز نے شاہینوں کوڈھیرکردیا
ویلنگٹن: نیوزی لینڈ نے تیسرے ٹی ٹوئنٹی میں پاکستان کو 95 رنز سے شکست دے کر سیریز 2-1 سے اپنے نام کرلی۔ 197 رنز کے تعاقب میں گرین شرٹس صرف 101 رنزپر ہی ڈھیر ہو گئے۔ ویلنگٹن میں کھیلے جانے والے ٹی ٹوئنٹی سیریز کے آخری میچ میں شاہد آفریدی نے ٹاس جیت کر کیویزکو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔کیوی اوپنرز مارٹن گپٹل اور کین ولیم سن نے میچ کا جارحانہ آغاز کر کے ابتدائی 5 اوورز میں اسکور 50 رنز پر پہنچا دیا۔
مارٹن گپٹل 19 گیندوں پر 42 رنز بنا کرشاہد آفریدی کی گیند پر عمر اکمل کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے۔ 62 کے اسکور پر محمد رضوان نے کولن منرو کو رن آؤٹ کیا۔ کولن منرو نے 4 رنز بنائے۔ کیویز کا اسکور 94 رنز پر پہنچا تو وہاب ریاض کی گیند پر 33 رنز بنانے والے کین ولیم سن پویلین لوٹ گئے۔ ایلیٹ 19 رنز بناکر آؤٹ ہوئے، لیوک رونچی ایک رن بنا کر وہاب ریاض کی گیند پر عمر اکمل کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے جبکہ روز ٹیلرریٹائرڈہٹ ہوئے۔
مزید پڑھیے: کبھی بالرز تو کبھی بیٹسمین ناکام، آفریدی مایوس
کورے اینڈرسن نے 42 گیندوں پر 6 چوکوں اور 4 چھکوں کی مدد سے ناٹ آؤٹ رہتے ہوئے 82 رنز بنائے جبکہ مچل سینٹنر 3 رنز پر ناٹ آؤٹ رہے۔
گرین شرٹس کی جانب سے وہاب ریاض نے 2 اور کپتان شاہد آفریدی نے ایک وکٹ حاصل کی۔
پاکستان ٹیم نے اننگ کا آغاز کیا تو محمد حفیظ صرف 2رنز بنا کرٹرینٹ بولٹ کا شکاربن گئے۔ محمد حفیظ کے بعد احمد شہزاد تیزشارٹ کھیلنے کی کوشش میں باؤنڈری کے قریب کیچ آؤٹ ہوگئے ،احمد شہزاد نے 8 رنز بنائے۔ محمد رضوان نے چاررنز بنائے،شعیب ملک 14 رنز بنا کورے اینڈرسن کی گیند پرپویلین لوٹ گئے، پاکستان کی پانچویں وکٹ 55 رنز پر گری جب عمر اکمل بھی اسکور میں صرف 5 رنز کا اضافہ کرکے پویلین لوٹ گئے۔ ٹی ٹوئنٹی کپتان شاہد آفریدی صرف 8 رنز اسکور کرنے کے بعد گرانٹ ایلیٹ کے ہاتھوں آؤٹ ہوگئے۔ پاکستان ٹیم کی ساتویں وکٹ عماد وسیم کی تھی جو صفر پرہی ایلیٹ کا شکار بن گئے۔
مزید پڑھیے: شاہینوں پر کیویز کا لاٹھی چارج
بارہ اوورز تک شاہینوں کا اسکور 76 رنز تھا۔ سرفراز احمد نے ٹیم کو منجدھار سے نکالنے کی بہت کوششیں کیں لیکن 41 رنز ہی بنا پائے۔ 92 کے اسکور پر پاکستان کی آٹھ وکٹیں گر چکی تھیں۔ انورعلی نے 8 رنز بنائے، آؤٹ ہونے والے آخری کھلاڑی وہاب ریاض تھے جو 4 رنز اسکور کر پائے۔ 5 سال کی پابندی کے بعد ٹیم میں واپس آنے والے محمد عامر ایک رن پر ناٹ آؤٹ رہے۔ یوں 101 کے اسکور پر پوری پاکستانی ٹیم ڈھیر ہو گئی۔
نیوزی لینڈ کے کورے اینڈرسن کو 82 رنز اسکور کرنے اور 2 وکٹیں حاصل کرنے پر مین آف دی میچ قرار دیا گیا۔
گرین شرٹس کی جانب سے وہاب ریاض نے 2 اور کپتان شاہد آفریدی نے ایک وکٹ حاصل کی۔
مزید پڑھیے: بوم بوم کی تمنا ، حسرت ناتمام بن گئی
سانحہ چارسدہ پر گرین شرٹس آج سیاہ پٹیاں باندھ کر میدان میں اترے تھے جبکہ میچ کے آغاز سے قبل شہدا کی یاد میں ایک منٹ کی خاموشی بھی اختیار کی گئی۔پاکستان نے آج کے میچ کیلئے ٹیم میں دو تبدیلیاں کیں،صہیب مقصود کی جگہ محمد رضوان اور عمر گل کی جگہ انور علی کو ٹیم میں شامل کیا گیاتھا۔
دونوں ٹیموں کے درمیان تین ٹی ٹوئنٹی میچوٕں کی سیریز ایک ایک سے برابر تھی، آکلینڈ میں کھیلے گئے پہلے ٹی ٹوئنٹی میں شاہینوں نے 14 رنز سے کامیابی حاصل کی تھی لیکن دوسرے میچ میں کیویز نے شاندار کم بیک کیا اور 10 وکٹوں سے جیت کر سیریز برابر کردی تھی۔ آج پھر کیویز نے شاہینوں کو 95 رنزڈھیر کر کے سیریز اپنے نام کرلی۔ سماء