طالبان واضح کریں مذاکرات جاری رکھنے ہیں یانہیں،نثار
ویب ایڈیٹر:
اسلام آباد: وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان کا کہنا ہے کہ طالبان واضح کریں مذاکرات جاری رکھنے ہیں یا نہیں، انہوں نے وزیراعظم کو امن مذاکرات میں پیش رفت اور ڈیڈ لاک سے متعلق بریفنگ بھی دی۔
منگل کے روز وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان نے وزیراعظم ہاؤس میں وزیر اعظم سے ملاقات کی۔ ملاقات میں چوہدری نثار علی خان نے کالعدم تحریک طالبان پاکستان کے ساتھ ہونے والے امن مذاکرات اور دیگر ایشوز پر بریفنگ دی۔ ملاقات میں ملکی سلامتی کی صورت حال پر بھی گفت گو کی۔
ذرائع کے مطابق دونوں رہ نماؤں کے درمیان ملاقات میں وزیر داخلہ نے نواز شریف کو مذاکراتی عمل میں ڈیڈ لاک کی وجوہات سے آگاہ کیا، وزیر داخلہ نے امن مذاکرات میں اب تک کی پیش رفت سے بھی وزیر اعظم کو آگاہ کیا۔وزیر اعظم ہاؤس میں ہونے والی ملاقات میں وزیر داخلہ نے امن و امان پر رپورٹ پیش کی ۔
بریفنگ کے دوران چوہدری نثار نے وزیراعظم کو بتایا کہ چند روز میں کالعدم طالبان کے ساتھ براہ راست ملاقات ہوگی، طالبان سے واضح طور پر کہا ہے کہ وہ اپنا ؤقف واضح کریں کہ انہیں مذاکرات جاری رکھنے ہیں یا نہیں۔ اس موقع پر وزیراعظم کا کہنا تھا کہ قوم کو امن کا تحفہ دینے کیلئے کوشاں ہیں۔کوشش کی جائے گی کہ یقینی امن کے لئے مذاکراتی عمل احسن طریقے سے آگے بڑھے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ ملاقات میں قیدیوں کے تبادلوں اور کالعدم طالبان کی جانب سے دی گئی فہرست پر بھی گفت گو ہوئی۔ سماء