اسلام آباد، لاہور، پشاور سمیت مختلف شہروں میں بجلی کا بڑا بریک ڈاؤن
اسلام آباد : وفاقی دارالحکومت، لاہور اور پشاور سميت ملک کے مختلف علاقوں ميں بجلی کے بڑے بريک ڈاؤن نے ایک بار پھر عوام کی مشکلات بڑھا دیں، قومی اسمبلی کا ایوان بھی اندھیرے میں ڈوب گیا، ارکان اسمبلی نے خوب شور شرابہ کیا۔
ایک ہفتے میں ملک میں دوسری بار بجلی کا بڑا بریک ڈاؤن ہوا، گڈو پاور اسٹیشن میں فنی خرابی ہوئی جس کے بعد منگلا اور تربیلا پاور ہاؤسز بھی ٹرپ کر گئے، اسلام آباد، لاہور، پشاور، ملتان، مظفر گڑھ سمیت مختلف شہروں میں بجلی کی فراہمی معطل ہوگئی۔
بجلی کے بریک ڈاؤن سے قومی اسمبلی کا ایوان بھی متاثر ہوا، ایوان اندھیرے میں ڈوبا تو اپوزیشن اراکین نے خوب شور شرابہ کیا اور نعرے لگائے، کچھ دیر بعد جنریٹر کی روشنی میں اجلاس کی کارروائی دوبارہ شروع کی گئی۔
وزارت پانی و بجلی کے مطابق خرابی کا اندازہ لگا کر بجلی کی بحالی کا کام شروع کردیا گیا۔ سماء