آرمی چیف کا ملٹری کالج آف سگنلز کا دورہ، سینٹر آف ایکسی لینس کا افتتاح کیا
اسٹاف رپورٹ
راولپنڈی : آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے راولپنڈی میں ملٹری کالج آف سگنلز کا دورہ اور سینٹر آف ایکسی لینس کا افتتاح کیا، پاک فوج کے سربراہ سے ایرانی وزیر داخلہ نے ملاقات کی جس میں سرحدی سیکیورٹی کی سورٹحال مضبوط بنانے پر اتفاق کیا گیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق پاک فوج کے سربراہ جنرل راحیل شریف نے راولپنڈی کالج آف سگنلز میں سینٹر آف ایکسی لینس کا افتتاح کیا۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ سینٹر آف ایکسی لینس کو جدید مواصلاتی آلات سے آراستہ کیا گیا ہے، سینٹر کے آپریشنل ہونے سے مواصلاتی شعبے کی کارکردگی میں اضافہ ہوگا۔
دوسری جانب پاکستان کے دورے پر آئے ہوئے ایرانی وزیر داخلہ عبداللہ رضا رحمانی نے راولپنڈی میں آرمی چیف جنرل راحیل شریف سے ملاقات کی، جس میں خطے کی صورتحال اور باہمی دلچسبی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق ملاقات کے دوران پاک ایران بارڈر پر سیکیورٹی کی صورتحال مضبوط بنانے پر اتفاق کیا گیا، پاکستان میں تعینات ایرانی سفیر بھی ملاقات میں موجود تھے۔ سماء