نوابشاہ میں ٹرین کو حادثہ، 9 گھنٹے بعد ایک ٹریک بحال کردیا گیا
اسٹاف رپورٹ
نوابشاہ : نوابشاہ میں صبح سویرے لاہور سے کراچی جانے والی ٹرین پٹری سے اتر گئی، حادثے میں 2 افراد جاں بحق اور 15 زخمی ہوئے، واقعے کے 9 گھنٹے بعد اپ ٹریک بحال اور ٹرینوں کی آمد و رفت شروع کردی گئی۔
لاہور سے کراچی جانے والی قراقرم ایکسپریس کی بوگیاں پٹری سے اترنے کے باعث حادثے میں 2 افراد جاں بحق اور 15 زخمی ہوگئے، وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق نے جاں بحق افراد کے لواحقین کیلئے 5 لاکھ اور زخمیوں کیلئے ایک ایک لاکھ روپے امداد کا اعلان کیا ہے۔
قراقرم ایکسپریس لاہور سے کراچی جاتے ہوئے نوابشاہ کے قریب باندھی ریلوے اسٹیشن سے پہلے حادثے کا شکار ہوئی، صبح 6 بجے ہونیوالے حادثے میں انجن اور 4 بوگیاں پٹری سے اتریں، قریبی آبادیوں میں موجود افراد جائے حادثہ پہنچے اور انہوں نے زخمیوں کو ٹرین سے نکالنے میں مدد کی۔
زخمیوں کو باندھی اور نوابشاہ کے اسپتالوں میں منتقل کرکے ایمرجنسی نافذ کردی گئی ہے، حادثے کے بعد ٹرینوں کی آمد و رفت معطل ہوگئی، واقعے کے 9 گھنٹے بعد ایک ٹریک آمد و رفت کیلئے بحال کردیا گیا۔ ٹرین ڈرائیور کا کہنا ہے کہ اچانک دھول سامنے آنے پر ایمرجنسی بریک لگایا جس سے حادثہ ہوا۔
وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق نے حادثے پر افسوس کا اظہار کیا اور واقعے کی رپورٹ طلب کرلی جبکہ جاں بحق افراد کے لواحقین کیلئے 5 لاکھ اور زخمیوں کیلئے ایک ایک لاکھ روپے امداد کا اعلان بھی کیا، ان کا کہنا ہے کہ قراقرم ایکسپریس حادثہ تخریب کاری نہیں واقعہ کانٹا بدلنے کے دوران پیش آیا۔ سماء