سہراب گوٹھ میں رینجرز کی کارروائی، 3 دہشت گرد مارے گئے
کراچی : سہراب گوٹھ کے علاقے میں رینجرز سے مقابلے کے دوران 3 دہشت گرد ہلاک ہوگئے، سی ٹی ڈی نے بلدیہ ٹاؤن میں کارروائی کے دوران متعدد ملزمان گرفتار کرلئے، بارود سے بھرا رکشہ بھی پکڑا گیا۔
کراچی کے علاقے سہراب گوٹھ میں رینجرز نے دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پر چھاپہ مارا تاہم ملزمان نے فائرنگ کردی جس کی زد میں آکر ایک اہلکار زخمی ہوگیا۔
ترجمان رینجرز کے مطابق جوابی کارروائی میں 3 دہشت گرد مارے گئے جبکہ ایک تخریب کار فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا، ہلاک دہشت گردوں کا تعلق کالعدم جماعت سے ہے، ملزمان ٹارگٹ کلنگ، پولیس اور رینجرز پر حملوں میں ملوث ہیں۔
دوسری جانب کاؤنٹر ٹیررازم ڈپارٹمنٹ اور حساس اداروں نے بلدیہ ٹاؤن کے علاقے محمد خان کالونی میں کارروائی کی، دہشت گردوں اور سیکیورٹی اہلکاروں کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا جس میں ایک اہلکار زخمی ہوگیا۔
انچارج سی ٹی ڈی کے مطابق دہشت گردوں سے مقابلے کے بعد 10 سے زائد ملزمان کو گرفتار جبکہ بارود سے بھرا رکشہ بھی برآمد کرلیا گیا۔ سماء