دہشت گردی کے خاتمے کیلئے فاٹا کے عوام نے بھی قربانیاں دیں، صدر
اسلام آباد : صدر مملکت ممنون حسین نے کہا ہے کہ قبائلی علاقوں کے بے گھر افراد کی مکمل بحالی کے بعد فاٹا میں قبائلی عوام کی مشاورت، مقامی رسم و رواج اور شریعت کے مطابق اصلاحات کی جائیں گی۔ صدر نے قبائلی جرگے کیلئے 10 لاکھ روپے امداد کا اعلان کیا ہے۔
صدر مملکت نے قبائلی عمائدین کے وفد سے ملاقات کی، جس میں وفاقی وزیر برائے سیفران جنرل (ر) عبدالقادر بلوچ اور گورنر خیبر پختونخوا سردار مہتاب عباسی بھی شریک تھے۔
اس موقع پر صدر مملکت نے قبائلی جرگے کیلئے 10 لاکھ روپے گرانٹ کا بھی اعلان کیا، انہوں نے کہا کہ ملک میں دہشت گردی کا زور ٹوٹ چکا ہے اور دہشتگردی کے مکمل خاتمے کیلئے مسلح افواج اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے علاوہ فاٹا کے عوام نے بھی بہت قربانیاں دی ہیں۔
ان کا کہنا ہے کہ فاٹا کو ملک کے دیگر حصوں کے برابر لانے کیلئے بہت جلد تعلیمی اور تجارتی مراکز قائم ہوں گے، فاٹا میں قوانین میں تبدیلی کا عمل وہاں کے عوام کی مشاورت سے کیا جائے گا۔
صدر مملکت کہتے ہیں کہ اقتصادی راہداری کی تکمیل سے ملک میں ترقی کے ایک نئے دور کا آغاز ہوگا، اقتصادی راہداری سے متعلق تحفظات کو دور کرنے کیلئے وزیراعظم کی جانب سے آل پارٹیز کانفرنس میں مکمل اتفاقِ رائے خوش آئند ہے، راہداری کی تکمیل کیلئے تمام لوگوں کو حکومت کا ساتھ دینا چاہئے۔
ممنون حسین نے کہا کہ فاٹا کے بے گھر افراد کے مسائل میں کمی آرہی ہے، حکومت خطے میں امن کیلئے امریکا، چین اور افغانستان کے ساتھ مل کر کام کررہی ہے، اسی طرح پاکستان اسلامی دنیا میں امن اور اتحادِ امت کیلئے بھی کلیدی کردار ادا کررہا ہے، پاکستان کی کوششیں ضرور کامیاب ہوں گی۔ اے پی پی