کراچی،مختلف علاقوں میں بارش،سردی میں اضافہ
کراچی: شہر قائد کے مختلف علاقوں میں اچانک تیز بارش نے سردی کی شدت میں اضافہ کردیا، محکمہ موسمیات نے بارش کا یہ سلسلہ صبح تک جاری رہنے کا امکان ظاہر کیا ہے۔
کراچی کے شہری اس وقت حیران و پریشان ہوگئے، جب اچانک مختلف علاقوں میں بادل بغیر کسی گھن گرج اور اطلاع کے برس پڑے، نا کوئی پیش گوئی نہ کوئی امکان ، بس اچانک ہی بادلوں نے شرارت کر ڈالی۔ شہر کے مختلف علاقوں میں تیز بارش کے باعث سردی کی شدت میں اضافہ اور موسم بھی خوشگوار ہوگیا ہے۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ کراچی کے مختلف علاقوں میں کل صبح تک ہلکی بوندی باری جاری رہے گی، جس کے باعث سردی کی شدت میں بھی اضافہ ہوگا۔
کراچی کے علاقے ملیر ،ابوالحسن اصفہانی روڈ ،سپر ہائی وے ، ناظم آباد ،نارتھ ناظم آباد ،گلشن اقبال ،ایئرپورٹ ،صفورا اور ایف بی ایریا، آئی آئی چندریگر روڈ، صدر سمیت مختلف علاقوں میں تیز بارش ہو رہی ہے، جب کہ کئی دیگر علاقوں میں بوندا بادی جاری ہے۔ کراچی کے بعض علاقوں میں تیز بارش کے باعث بجلی کی فراہمی معطل ہوگئی ہے، جب کہ نکاسی آب کے بہتر اور متبادل انتظام نہ ہونے کے بعد بارش کا پانی فوراً سڑکوں پر کھڑا ہوگیا، جس سے موٹر سائیکل سواروں کو مشکلات کا سامنا ہے۔ سماء