راولپنڈی،نویں جماعت کے طالبعلم کا ساتھی پرخنجرسے وار
اسٹاف رپورٹ
راول پنڈی : راول پنڈی میں نویں جماعت کے طالب علم نے شور سے منع کرنے پر کلاس مانیٹر اور اس کے بھائی کو خنجر مار کر شدید زخمی کر دیا۔ واقعہ کے بعد ملزم فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا، جب کہ دونوں زخمیوں کو اسپتال منتقل کردیا گیا، جہاں ایک کی حالت نازک ہے۔
پولیس ذرائع کے مطابق گورنمنٹ ہائی اسکول دھمیال میں نویں جماعت کے طالب علم شاہد خان نے شور سے منع کرنے پر کلاس مانیٹر منظر عباس پر خنجر سے حملہ کر دیا۔ منظر عباس کا بھائی رجب علی آیا تو اس پر بھی حملہ کر دیا، واقعہ کے بعد ملزم فرار ہوگیا، دونوں زخمیوں کو بینظیر بھٹو اسپتال منتقل کر دیا گیا۔
ذرائع کے مطابق منظر عباس کو پیٹ میں خنجر لگا، جب کہ رجب علی کو پیٹھ پر زخم آئے ہیں۔ اسپتال ذرائع کے مطابق منظر عباس کی حالت نازک ہے، اس کا آپریشن کیا جا رہا ہے۔ پولیس کے مطابق منظرعباس نے ٹیچر کی ہدایت پر لڑکوں کو چپ کرانے کی کوشش کی اس دوران شاہد خان سے تلخ کلامی ہوگئی۔ کلاس سے نکلنے پر شاہد خان نے منظر عباس پر خنجر سے حملہ کیا۔ تھانہ صدر بیرونی پولیس نے رپورٹ درج کر کے ملزم کی تلاش شروع کر دی ہے۔ سماء