سینیٹ: سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں 50 فیصد اضافے کی قرار داد مسترد
اسٹاف رپورٹ
اسلام آباد : سینیٹ میں سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں 50 فیصد اضافے کی قرار داد مسترد کردی گئی، راجا ظفرالحق کہتے ہیں وزیر خزانہ پہلے ہی اضافے کا اعلان کرچکے ہیں۔
ڈپٹی چیئرمین صابر بلوچ کی زیرصدارت سینیٹ کے اجلاس میں ایم کیو ایم کے طاہر مشہدی نے سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں اضافے کی قرار داد پیش کی اور کہا کہ مہنگائی کے تناسب سے تنخواہوں میں اضافہ کیا جائے، سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں کم از کم 50 فیصد اضافہ ہونا چاہئے، 20 فیصد اضافے سے کوئی فائدہ نہیں۔
راجہ ظفر الحق نے کہا کہ وزیر خزانہ اعلان کرچکے ہیں کہ تنخواہوں میں اضافہ ہوگا، اس پر قرار داد مسترد کردی گئی، ڈاکٹر عبدالقیوم سومرو نے سینیٹ کی رکنیت کا حلف اٹھالیا، چیئرمین سینیٹ نے ان سے حلف لیا، وہ فیصل رضا عابدی کے استعفے سے خالی ہونیوالی نشست پر منتخب ہوئے ہیں۔
ایوان میں ملتان میں قتل ہونیوالے ڈائریکٹر ایچ آر سی پی راشد رحمان کیلئے فاتحہ خوانی کی گئی، اجلاس منگل کی شام 4 بجے تک ملتوی کردیا گیا۔ سماء