اسلام آباد : پختونخوا ملی عوامی پارٹی کے سربراہ محمود خان اچکزئی کا کہنا ہے کہ جمہوریت پاکستان کے ہر مسئلے کاحل ہے، اگر پاکستان کو چلانا ہے،تو انصاف کرنا ہوگا، حالات خطرناک ہیں، ہمیں امن کی طرف بڑھنا ہوگا۔
پاک چین اقتصادی راہداری سے متعلق اسلام آباد میں منعقدہ آل پارٹیز کانفرنس سے خطاب میں پختونخواہ ملی عوامی پارٹی کے سربراہ محمود خان اچکزئی کا کہنا تھا کہ پاکستان کے پاس وقت تھوڑا ہے، ہمارے ارد گرد کے حالات بہت خراب ہیں، امن نہ ہوا تو اقتصادی راہداری منصوبہ مکمل نہیں ہوگا،
اچکزئی کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان ترقی کر ے تو اس کا ایک ہی راستہ ہے، ہم سب کو جمہوریت طرز عمل اپنانا ہو گا کیونکہ جمہوریت ہی اس ملک کے ہر مرض کا علاج ہے، جب تک جمہوریت کیلئے نہیں اٹھیں گے ملک نہیں چلے گا، ملک چلانا ہے تو انصاف کرنا ہوگا اورسب کو برابر کے حقوق دینا ہوں گے، ناانصافی سے نفرتیں جنم لیں گی۔
اچکزئی کا مزید کہنا تھا کہ امریکا، بھارت اور ایران مل کر افغانستان میں موجود چہار باغ کو بنار ہے ہیں، گوادر سے چہار باغ کی روشنیاں نظر آتی ہیں۔ سماء