آج سے سندھ ميں سورج آگ برسائے گا، ہيٹ ويو کا الرٹ جاری

درجہ حرارت 40 ڈگری تک جانے کا امکان

محکمہ موسمیات نے آج بروز منگل 26 اپریل سے سندھ میں ہیٹ ویو کا خدشہ ظاہر کردیا ہے۔

میٹ آفس کے مطابق دادؤ، نواب شاہ، لاڑکانہ، سکھر اور جيکب آباد ميں درجہ حرارت اڑتاليس ڈگری سينٹی گريڈ تک جانے کا امکان ہے۔ کراچی میں بھی موسم گرم اور مرطوب رہے گا، جہاں زيادہ سے زيادہ درجہ حرارت چھتيس سے اڑتيس ڈگری رہے گا۔

شدید گرمی کے پیش نظر صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) نے ہيٹ ويو کا الرٹ جاری کرديا۔

محکمہ موسمیات کے مطابق ہوا کے زیادہ دباؤ کے باعث ملک کے بیشتر علاقوں میں 26اپریل تا 2 مئی 2022 کے دوران دن کے درجہ حرارت میں غیر معمولی اضافے کا امکان ہے۔

صوبائی اور ضلعی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹیز اور دیگر متعلقہ محکمے احتیاطی تدایبر پر عمل کریں۔ پی ڈی ایم اے کی جانب سے ریسکیو محکموں کو ضروری سہولیات جیسا کہ ہیٹ اسٹروک مراکز کو فعال رکھنے کی ہدایت جاری کی گئی ہیں۔

این ڈی ایم اے نے عوام الناس سے گزارش کی ہے کہ بلا ضرورت سورج کی روشنی میں جانے سے گریز کریں۔

ہیٹ اسٹروک کا خدشہ

کراچی میں گرمی کی شدت میں ہر روز اضافہ ریکارڈ کیا جارہا ہے جس کے باعث ہیٹ اسٹروک کے خدشات بڑھنے لگے ہیں۔

اس حوالے سے ماہرین صحت کا کہنا ہے کہ شہریوں کو گرمی سے بچاؤ کے لئے احتیاطی تدابیر اپناتے ہوئے زیادہ سے زیادہ پانی پیئے، دھوپ میں نکلنے سے گریز کریں اور دھوپ میں نکلتے وقت گیلا تولیا سر پر رکھیں ۔

ماہرین کے مطابق گرم موسم میں ہیٹ اسٹروک کے خدشات بڑھ جاتے ہیں لٰہذا اس موسم میں اپنا خیال رکھیں۔

دوسری جانب ملک بھر میں گرم موسم اور رمضان المبارک کے دوران بھی بجلی کی طویل لوڈشیڈنگ کا سلسلہ جاری ہے، جس کے باعث شہریوں کے لیے سحری، افطار اور اعتکاف مشکل ہوگیا۔

محکمہ موسمیات نے کہا ہے کہ موجودہ گرم اور خشک موسم پانی کے ذخائر، کھڑی فصلوں، سبزیوں اور باغات پر پانی کے دباؤ کا سبب بن سکتا ہے، کسانوں کو مشورہ دیا گیا ہے کہ وہ اسی کی مناسبت سے فصل کے پانی کا انتظام کریں جب کہ شہری سورج کی براہ راست تپش سے بچنے کی کوشش کریں۔

Tabool ads will show in this div