نواز، بلاول کاپاکستان کو بھنورسے نکالنے کیلئے مشترکہ کوششوں پرزور

نواز شریف کا کہنا ہے کہ عمران خان سے جان چھڑالی لیکن پاکستان کو اس بھنور سے نکالنا ہم سب کی اجتماعی ذمہ داری ہے، کوئی خود کو بری الذمہ نہ سمجھے۔ بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ چارٹر آف ڈیموکریسی، اٹھارویں ترمیم اور سی پیک منصوبے میں جس طرح ساتھ مل کر کام کیا گیا آج بھی مشترکہ کوششیں اتنی ہی ضروری ہیں، موقع ہے کہ ہم جمہوریت کی بحالی و ترقی، معاشی ترقی، آزاد خود مختار خارجہ پالیسی کے ساتھ آگے بڑھیں یا ریورس گیئر لگا کر وہی غلطیاں دہرائیں۔
سابق وزیراعظم نواز شریف نے لندن میں چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری کے ہمراہ مشترکہ پریس کانفرنس میں کہا کہ عمران خان سے جان چھڑانا اپنی جگہ لیکن چیلنجز بھی ساتھ ہیں، پاکستان کو اس بھنور سے نکالنا ہے، ہم پاکستانی ہیں، ہماری رگوں میں پاکستانیوں کا خون دوڑ رہا ہے، ہمیں اس ملک کا درد ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ ہمیں برداشت نہیں ہوتا تھا کہ یہ ملک کو کس طرف لے کر جارہا ہے، پاکستانیوں کی عزت خاک میں مل کر رہ گئی تھی، آپ جانتے ہیں کہ جگہ جگہ جاکر بھیک مانگتا تھا، بتائیں پاکستان کی کیا اصلاح کی آپ نے، پاکستان کا بدترین اور سیاہ ترین دور پونے چار سال کا عمران خان دور ہے۔
سابق وزیراعظم نے کہا کہ عمران خان ہر چیز پر یوٹرن لیتا تھا، اقتدار سے پہلے جو کہا اقتدار میں آکر اس کے برعکس کیا، کہتا تھا کہ آئی ایف ایف کے پاس جانے سے بہتر خود کشی کرلوں گا، ہم نے تو نہیں دیکھا آپ کو خود کشی کرتے، اس طرح کی باتیں کی گئیں، کوئی پاکستانی ان کی باتوں کو بھلا نہیں سکتا۔
چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے لندن میں مسلم لیگ ن کے قائد اور سابق وزیراعظم نواز شریف سے ملاقات کی، ان کے ہمراہ شیریں رحمان، نوید قمر اور قمر زمان کائرہ بھی موجود ہیں۔ ملاقات میں حسین نواز، اسحاق ڈار اور عابد شیر علی بھی شریک ہیں۔
ملاقات کیلئے جاتے ہوئے میڈیا سے گفتگو میں چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ پاکستان کی جمہوریت کیلئے نواز شریف نے جو قربانیاں دیں وہ کسی سے ڈھکی چھپی نہیں، ملک اس وقت دو راہے پر ہے۔
انہوں نے معیشت اور جمہوریت کی بحالی کیلئے مسلم لیگ ن اور پیپلزپارٹی کے مل کر کام کرنے پر بھی زور دیا۔