توشہ خانہ سےتحائف بیچ کرعمران خان کی آمدن بڑھی،مریم
وفاقی وزیراطلاعات مریم اورنگزیب کا کہنا ہے کہ عمران خان نے توشہ خانہ سے 58 تحائف بھیج کر اپنی آمدن بڑھائی۔ وزیراعظم کی کرسی کو کاروبارکی کرسی بنارکھا تھا عمران خان توشہ خانہ کے تحائف کی منی ٹریل دیں۔
اسلام آباد میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ دوسروں سے40 سال کا حساب مانگا،آپ کو بھی رسیدیں دینی پڑیں گی، کہا جارہا ہے میرا تحفہ میری مرضی،وہ تحفہ پاکستان کے وزیراعظم کا تھا۔
مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ تحفوں کو بازاروں میں بیچا نہیں جاسکتا، وہ تحفہ ضرور تھا لیکن آپ کی دکان نہیں تھی۔
وزیراطلاعات کا کہنا تھا کہ اداروں کیخلاف ربوٹکس ٹوئٹس کے ذریعے مہم چلائی جارہی ہے، پی ٹی اے کو کہا ہے ربوٹک ٹویٹس کیخلاف کارروائی کی جائے، ربوٹک ٹویٹس پر وزارت داخلہ کو بھی الرٹ کر دیا۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان تھوڑے عرصے بعد ایک اور خط لہرانے والے ہیں،جب الیکشن کمیشن سے بیرونی فنڈنگ کیس کا فیصلہ آئے گا اسے بھی سازش کا نام دینگے۔ مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ جن جن لوگوں نے اسکینڈلز میں حصہ ڈالا راناثناء اللہ حساب لیں گے۔
مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ حمزہ شہباز وزیراعلیٰ پنجاب ہیں،بہت جلد حلف لیں گے، عدم اعتماد میں شامل تمام جماعتیں کابینہ کا حصہ ہوں گی، عوام نے فیصلہ کرنا ہے سستی گیس بجلی یا جھوٹے دعوے چاہئے۔
وزیراطلاعات نے الزام لگایا کہ نوازشریف کو کوٹ لکھ پت جیل میں نماز کیلئے کرسی نہیں دی جاتی تھی، ثبوت نہ ہوتے تو فرح ملک سے فرار نہ ہوتی۔ عمران خان آج کنٹینر پر بیروزگاری،مہنگائی،غربت کا جواب دیں۔ آج معاشی اور خارجہ پالیسی کی صورتحال سب کے سامنے ہے۔