ڈالر کی پھر اونچی اڑان، روپیہ ہلکان

مسلسل تیسرے روز پاکستانی روپے دباوٗ کا شکار
Apr 20, 2022
DOLLAR_NEW_1

پاکستانی روپے کے مقابلے میں امریکی ڈالر کی قدر بڑھنے کا سلسلہ بدھ کو بھی مسلسل تیسرے روز برقرار رہا۔

انٹر بینک میں ڈالرمزید1.48روپے کے اضافے سے 185.92روپے کی سطح پر پہنچ گیا جب کہ اوپن کرنسی مارکیٹ میں بھی ڈالر186روپے سے اوپر ٹریڈ کررہا ہے۔

واضح رہے کہ پاکستانی روپے کی قدر میں گراوٹ کا سلسلہ پیر کو شروع ہوا تھا جو مسلسل تیسرے روز بدھ کو بھی برقرار رہا جس کے نتیجے میں 3 روز کے دوران انٹر بینک میں ڈالر4.37روپے اور اوپن کرنسی مارکیٹ میں تقریباً5روپے کی کمی آچکی ہے۔

اس سے قبل قومی اسمبلی میں تحریک عدم اعتماد کی کامیابی اوروزیر اعظم کے انتخاب کے بعد ملک میں سیاسی بحرانی کیفیت ختم ہوگئی تھی جس کے نتیجے میں گزشتہ ہفتے انٹر بینک میں امریکی ڈالر کی قدر میں 6.63روپے کی کمی ریکارڈ کی گئی جب کہ اوپن کرنسی مارکیٹ میں بھی ڈالر  8.30روپے گرگیا تھا تاہم زرمبادلہ کے کم ذخائر اور تجارتی وکرنٹ خسارے کا دباوٗ پیر کو کرنسی مارکیٹ میں پھر لوٹ آیا۔

دوسری جانب آئی ایم ایف سے معطل ہونے والے مذاکرات بھی بحال ہورہے ہیں مسلم لیگ(ن) کے رہنما مفتاح اسماعیل کے مطابق مذاکرات کی کامیابی سے ایک ارب ڈالر کی قسط موصول ہونے کی امید ہے دوسری جانب معاشی ماہرین کا کہنا ہے کہ آئی ایم ایف مذاکرات میں تیل پر پٹرولیم ڈیولپمنٹ وصولی اور بجلی سمیت دیگر شعبوں میں سبسڈیز خاتمے کے لئے دباو ڈالا جاسکتا ہے۔

پاکستان اسٹاک ایکس چینج میں بھی مندی کا رجحان

دوسری جانب پاکستان اسٹاک ایکس چینج میں بھی بدھ کو مندی کا رجحان رہا اور ملک کو درپیش معاشی چیلنجز کے پیش نظر سرمایہ کاروں کی جانب سے شیئرز فروخت کا دباو دیکھنے میں آیا جس کے باعث کے ایس ای 100 انڈیکس 390.20 پوائنٹس کی کمی سے 45943.16 پوائنٹس کی سطح پر آگیا۔

منگل کو بھی انڈیکس میں 206پوائنٹس کی کمی ریکارڈ کی گئی اور اس سے پہلے پیر کو انڈیکس میں 61.95پوائنٹس کی کمی ہوئی تھی۔ مجموعی طور پر گزشتہ تین روز  کے دوران کے ایس ای100انڈیکس میں 660پوائنٹس کی کمی آچکی ہے۔

Dollar rates

dollar price

Tabool ads will show in this div