سفارتی پاسپورٹ نوازشریف کاحق ہے، وزیرداخلہ راناثنا اللہ
وزیر داخلہ رانا ثناءاللہ کا کہنا ہے کہ سفارتی پاسپورٹ سابق نوازشریف کا حق ہے جو انہیں جاری کیا جائے گا۔
صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو میں وزیرداخلہ رانا ثنا اللہ کا کہنا تھا کہ سفارتی پاسپورٹ سابق نوازشریف کا حق ہے مگر افسوس کا مقام ہے کہ 3مرتبہ وزیراعظم رہنے والے شخص کو ملکی شہریت سے محروم کیا جارہا ہے۔ کہا مجھ پر منشیات کے جھوٹے مقدمات بنائے گئے ان کی بھی تحقیقات ہوں گی۔
وزیرداخلہ کا مزید کہنا تھا کہ عمران خان کیخلاف کوئی انتقامی کاروائی نہیں کریں گے،عمران خان کو گرفتار نہیں کیا جائے گا، ان کیخلاف بدعنوانی کا کیس آیا تو پہلے تحقیقات ہوں گی۔ وزیراعظم کی ہدایت پرچیئرمین پی ٹی آئی کو فول پروف سیکیورٹی فراہم کردی گئی ہے۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ عمران خان کی زندگی کو لاحق خطرات سے متعلق ہمارے پاس کوئی انٹیلیجنس اطلاعات نہیں۔ عمران خان کے حالیہ بیانات سے ظاہر ہوتا ہے کہ وہ مؤقف بدلنے میں تیز ہیں۔
وزیرداخلہ کا کہنا تھا کہ دہشتگردی کی نئی لہر سے نمٹنے کیلئے طویل اور مختصر المدتی پالیسیاں وضع کی جائیں گی۔ ایف آئی اے میں اصلاحات کریں گے اور اسے سیاسی انتقامی مقاصد کیلئے استعمال نہیں کیا جائے گا۔
واضح رہے کہ 18 اپریل کو اسلام آباد ہائیکورٹ نے نے نواز شریف کو ڈپلومیٹک پاسپورٹ جاری کرنے سے روکنے کی درخواست ناقابل سماعت قرار دے کر پٹیشنر وکیل پر5 ہزار روپے جرمانہ عائد کردیا۔
اسلام آباد ہائی کورٹ کے چیف جسٹس نے کہا کہ محض اخباری تراشوں کی بنیاد پر کوئی فیصلہ نہیں کرسکتے، سزا یافتہ اشتہاری کے لیے لازم ہے کہ وہ جیل جاکر سرنڈر کرے۔
عدلت نے قرار دیا کہ ہم شک نہیں کرسکتے کہ حکومت سپریم کورٹ کے طے شدہ اصولوں کے خلاف جائے گی، درخواست کے ساتھ کوئی ٹھوس مواد موجود نہیں، لہذا درخواست غیر ضروری قرار دے کر خارج کی جاتی ہے۔