شکارپور: این۔آئی۔سی۔وی۔ڈی کے 24ویں چیسٹ پین یونٹ کاافتتاح

آٹھ بستروں پر مشمل یونٹ 24 گھنٹے کام کریگا
Apr 16, 2022

سندھ حکومت نے نیشنل انسٹی ٹیوٹ فار کارڈیو ویسکولر ڈیزیز (این آئی سی وی ڈی) کے 24 چیسٹ پین یونٹ کا شکار پور میں افتتاح کردیا۔ صوبائی وزیر امتیاز شیخ کہتے ہیں کہ مریضوں کی خدمت کیلئے این آئی سی وی ڈی حکومتِ سندھ کا ایک بہترین پروگرام ہے، اس کے مراکز مریضوں کیلئے ایک نعمت ہیں، جن کی بدولت ہزاروں مریضوں کی زندگیاں بچائی گئی ہیں۔

صوبائی وزیر برائے توانائی امتیاز احمد شیخ نے ہفتہ کو آر بی یو ٹی سول اسپتال شکارپور میں 8 بستروں پر مشتمل نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیو ویسکولر ڈیزیز (این آئی سی وی ڈی) کے 24ویں چیسٹ پین یونٹ کا افتتاح کردیا۔ اس موقع پر این آئی سی وی ڈی کے پروفیسرز، ڈاکٹرز او انتظامیہ کے نمائندے بھی موجود تھے۔

افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے امتیاز احمد شیخ نے کہا کہ شکارپور میں این آئی سی وی ڈی کا چیسٹ پین یونٹ عوام کیلئے ایک نعمت ہے، اب شکارپور اور گرد و نواح کے لوگوں کو امراضِ قلب کا جدید و مہنگا علاج انہی کی دہلیز پر بالکل مفت فراہم کیا جائے گا۔

صوبائی وزیر امتیاز احمد شیخ نے حکومتِ سندھ کی مثالی کارکردگی کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ حکومتِ سندھ صحت کی جدید ترین سہولیات کے قیام کے ساتھ عوام کی خدمت کررہی ہے۔

ان کا کہنا ہے کہ شکارپور میں این آئی سی وی ڈی کے چیسٹ پین یونٹ کے قیام کے بعد دل کے مریضوں کو زیادہ مؤثر طریقے سے طبّی سہولیات فراہم کی جائیں گی، این آئی سی وی ڈی حکومتِ سندھ کا فلیگ شپ پروگرام ہے، جس کے ذریعے صحت کی سہولیا ت کو پورے صوبے تک بڑھایا جارہا ہے۔

این آئی سی وی ڈی ٹیم کو مباکباد دیتے ہوئے امتیاز احمد شیخ نے کہا کہ پی پی پی حکومت نے پورے صوبے میں عالمی معیار کی صحت کی سہولیات کے مرکز قائم کئے ہیں، جہاں پر پورے پاکستان سے آنے والے مریض بالکل مفت علاج سے مستفید ہورہے ہیں۔

اس موقع پر این آئی سی وی ڈی کے پروفیسرز اور ڈاکٹرز کا کہنا تھا کہ ایس آئی سی وی ڈی نے دل کی صحت کے شعبے میں چیسٹ پین یونٹس کے قیام سے ایک نیا دور متعارف کرایا ہے، چیسٹ پین یونٹس کا منفرد پروگرام دنیا میں کہیں بھی نہیں، چیسٹ پین یونٹس 24 گھنٹے امراضِ قلب کے مریضوں کو ہنگامی طبّی امداد فراہم کرنے میں مصروفِ عمل رہتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ چیسٹ پین یونٹس مریضوں کو ابتدائی ہنگامی طبّی امداد فراہم کرنے کیلئے فعال کئے گئے ہیں، جہاں سے دل کے دورے کے مریضوں کو فوری طبّی امداد کے بعد پرائمری انجیوپلاسٹی اور دیگر پروسیجرز کیلئے این آئی سی وی ڈی کے سینٹر منتقل کیا جاتا ہے۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ حکومتِ سندھ کے اشتراک سے این آئی سی وی ڈی کے 10 اسپتالیں اور 24 چیسٹ پین یونٹس پورے ملک سے آنیوالے مریضوں کو امراضِ قلب کا جدید و مہنگا علاج مفت فراہم کرنے میں دن رات مصروفِ عمل ہیں۔

HEALTH

Tabool ads will show in this div