حمزہ شہباز پنجاب کے 21ویں وزیراعلیٰ منتخب

اپوزیشن جماعتوں کے متفقہ امیدوار کو 197 ووٹ ملے
Apr 16, 2022

مسلم لیگ ن کے رہنماء حمزہ شہباز شریف 197 ووٹ لے کر پنجاب کے 21 ویں وزیراعلیٰ منتخب ہوگئے، پرویز الٰہی کو صرف ایک ووٹ کاسٹ ہوا۔

لاہور ہائیکورٹ کے احکامات کے تحت وزیراعلیٰ پنجاب کے انتخاب کیلئے آج پنجاب اسمبلی میں ووٹنگ ہوئی، جس میں پی ڈی ایم کے مشترکہ امیدوار حمزہ شہباز شریف 197 ووٹ لے کر وزیراعلیٰ منتخب ہوگئے۔

مسلم لیگ ق اور پاکستان تحریک انصاف کے تمام اراکین اجلاس سے واک آؤٹ کرگئے، وزارت اعلیٰ کے دوسرے امیدوار پرویز الٰہی کو صرف ایک ووٹ ملا جو فیاض الحسن چوہان نے کاسٹ کیا۔

ڈپٹی اسپیکر پنجاب اسمبلی دوست مزاری کا کہنا ہے کہ آج کامیابی جمہوریت کی ہوئی ہے، آپ کو دیکھ کر میں بھی ثابت قدم رہا۔

ہفتے کی شام شدید ہنگامہ آرائی کے بعد پنجاب اسمبلی کا اجلاس شروع ہوا، اس سے قبل اجلاس کی صدارت کیلئے جب ڈپٹی اسپیکر دوست محمد مزاری ایوان میں پہنچے تو پی ٹی آئی اراکین کی جانب سے انہیں شدید تشدد کا نشانہ بنایا گیا۔

اجلاس شروع ہونے سے قبل پی ٹی آئی اراکین کی جانب سے ڈپٹی اسپیکر پر لوٹے پھینکے گئے اور دیگر اراکین ڈپٹی اسپیکر کی ڈیسک کے پاس پہنچ گئے۔ اراکین کی ڈپٹی اسپیکر دوست محمد مزاری کو تھپڑ مارنے کی اطلاعات بھی سامنے آئی ہیں۔

دوسری جانب ن لیگی اراکین کا کہنا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف کے اراکین نے ڈپٹی اسپیکر کو بالوں سے پکڑا  بعد ازاں پی ٹی آئی اراکین نے ڈپٹی اسپیکر کی کرسی اُچھال دی۔

مزید جانیے: پنجاب اسمبلی میں تشدد،پرویزالٰہی زخمی

صورتحال قابو سے باہر ہوئی تو سیکیورٹی انتظامات کیلئے 50 پولیس اور اینٹی رائٹس فورس کے اہلکار ایوان میں پہنچ گئے، جس کے بعد ڈپٹی اسپیکر کو حفاظتی حصار میں ایوان سے باہر لے جایا گیا۔

دوسری جانب پنجاب اسمبلی سے وزارت اعلیٰ کے امیدوار پرویز الٰہی کو باہر نکال دیا گیا، ان پر مخالف اراکین نے حملہ کیا جس کے باعث انہیں کافی چوٹیں بھی آئیں۔

پنجاب اسمبلی میں موجود مخالف اراکین نے پرویز الٰہی کا گھیراؤ کیا اور انہیں دھکے دیئے، اس دوران اراکين دست و گريباں ہوگئے اور کئی رہنماؤں کے کپڑے پھٹ گئے۔

وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے پاکستان تحریک انصاف کے جہانگیر ترین اور علیم خان کی گروپ کی جانب سے شدید مخالفت کے بعد اپنے عہدے سے استعفیٰ دیدیا تھا۔

cm punjab

HAMZA SHEHBAZ SHARIF

Tabool ads will show in this div