پاکستان اور افغانستان کا مسجداقصیٰ میں اسرائیلی جارحیت پرشدید ردعمل

اسرائیلی فوج کے حملے میں 152 نمازی زخمی ہوئے

پاکستان اور افغانستان کی طالبان حکومت نے فلسطینیوں کیخلاف اسرائیلی جارحیت پر شدید ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے ماہ رمضان میں مسجد اقصیٰ پر حملے کو انسانی اقدار اور انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزی قرار دیا ہے۔

مقبوضہ بیت المقدس میں اسرائیلی فورسز نے جعمہ کی صبح نماز کے وقت مسجد اقصیٰ پر اچانک دھاوا بولتے ہوئے کمپاؤنڈ میں موجود نمازیوں پر آنسو گیس کی شیلنگ کی اور ان پر ربڑ کی گولیاں بھی برسائیں، صہیونی بربریت میں 152 فلسطینی زخمی ہوئے جن میں خواتین بھی شامل ہیں۔

پاکستانی دفترِ خارجہ کی جانب سے جمعہ کو جاری بیان میں واقعے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ اسرائیلی فوج کی جانب سے ماہ رمضان میں مسجد اقصیٰ پر حملہ انسانی اقدار اور انسانی حقوق کے قوانین کی خلاف ورزی ہے۔

بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ رپورٹس کے مطابق مسجد اقصیٰ پر اسرائیلی فوج نے حملہ کیا جس میں 152 فلسطینی زخمی ہوئے اور 300 کو حراست میں لے لیا گیا۔

دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ ہفتوں کے دوران مشرقی بیت المقدس اور دیگر فلسطینی علاقوں میں اسرائیلی فوج کے حملوں میں درجن کی تعداد میں فلسطینی شہید اور لاتعداد زخمی ہوئے ہیں، اسرائیلی فوج کی جانب سے فلسطینی علاقوں میں  تشدد کے واقعات میں اضافہ افسوسناک ہے۔

پاکستان نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا ہے کہ فوری اقدامات اٹھاتے ہوئے فلسطینیوں کی زندگیوں کو محفوظ بنایا جائے اور بین الاقوامی قوانین اور اقوام متحدہ کے چارٹر پر عملدرآمد کیا جائے۔

پاکستان نے اسرائیلی جارحیت کیخلاف فلسطینیوں کی جدوجہد کی غیرمتزلزل حمایت کا اعادہ بھی کیا ہے۔

بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ پاکستان اقوام متحدہ اور او آئی سی کی قراردادوں کے تحت فلسطینی عوام کے حقوق اور حق خودارادیت کے حصول کے علاوہ 1967ء کی سرحدوں کے اندر آزاد اور خودمختار فلسطینی ریاست کی حمایت کرتا ہے جس کا دارالحکومت القدس ہو۔

مسجد اقصیٰ پر اسرائیلی فوج کے دھاوے پر افغانستان کی طالبان حکومت نے بھی شدید ردعمل کا اظہار کردیا۔ افغان وزارت خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ افغان حکومت مسجد اقصیٰ میں فلسطینیوں پر تشدد کی شدید مذمت کرتی ہے۔

افغانستان نے مطالبہ کیا کہ عالمی برادری بالخصوص اسلامی ممالک فلسطینیوں کے انسانی حقوق کی بحالی اور اسرائیلی مظالم کو روکنے کیلئے عملی اقدامات کریں۔

TALIBAN

AL AQSA ATTACK

Tabool ads will show in this div