عمران خان کو ملنےوالے تحائف ڈیکلئرڈ ہیں،فواد چوہدری کی وضاحت

عدالت نے ريکارڈ مانگا تو فراہم کرديں گے،فواد چوہدری
Apr 15, 2022

رہنما تحریک انصاف فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ عمران خان کو بطور وزيراعظم ملنے والے سارے تحائف ڈیکلئرڈ ہیں۔ جس دن اسلام آباد ہائیکورٹ نے ريکارڈ مانگا تحائف کا سارا ریکارڈ پہنچ جائے گا۔

اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ عدالت جب بھی ریکارڈ مانگے گی ان کو مل جائے گا، سب کچھ ریکارڈ کا حصہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ آصف زرداری، شہبازشریف میں بندر بانٹ کا حساب نہیں ہورہا، اسی وجہ سے کابینہ مکمل نہیں ہورہی۔ مہربانی کرکے دونوں 4،4 گھنٹے کا وزیراعظم طے کرلیں۔

فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ اگلے 6 سے 8 ہفتے میں جنرل الیکشن کا اعلان ہوجانا چاہیے، ہم امپورٹڈ حکومت کو مسترد کرتے ہیں، مزید کہا شہباز شریف نے اپنے من پسند افراد کو ایف ائی اے میں تعینات کردیا، شہباز شریف ایف آئی اے کے ملزم ہیں اور اس ادارے میں من پسند تقرری کررہے ہیں، سپریم کورٹ کو اس معاملے کا نوٹس لینا چاہیے۔

واضح رہے کہ آج نے اسلام آباد میں سینئیر صحافیوں سے ملاقات میں وزیراعظم شہبازشریف کا کہنا تھا کہ عمران خان نے توشہ خانے کا قانون تبدیل کرنے کے بعد وہاں سے ہار، انگوٹھی اور گھڑی کم قیمت پر خرید کر دبئی میں فروخت کی۔

ليگی نائب صدر مريم نواز کا کہنا ہے کہ عمران خان نے گھڑی اورہار خریدے پھر بیچے۔ يہ اصل کہانی نہیں، اصل کہانی يہ ہے کہ کتنے ميں خريدے اور کتنے ميں بيچے۔ ٹويٹر بيان ميں لکھا تحائف خریدنے کے لیے عمران خان کے پاس پیسے کہاں سے آئے؟ وزيراعظم کی تنخواہ کےعلاوہ انکا کوئی ذریعہ آمدن نہیں تھا۔

IMRAN KHAN

PM SHAHBAZ SHARIF

Tabool ads will show in this div