شمالی وزیرستان میں جھڑپ، پاک فوج کا جوان شہید

فورسز کا علاقے میں سرچ آپریشن جاری
Apr 14, 2022
PAKISTAN-UNREST-NORTHWEST-WAZIRISTAN

شمالی وزیرستان کے علاقے ایشام میں دہشتگردوں کے حملے میں پاک فوج کا ایک جوان شہید ہوگیا، سیکیورٹی فورسز کا علاقے میں دہشتگردوں کیخلاف سرچ آپریشن جاری ہے۔

ترجمان پاک فوج کے مطابق شمالی وزیرستان میں کے علاقے ایشام میں دہشت گردوں کے حملے کے بعد فورسز اور ملزمان کے درمیان فائرنگ کا شدید تبادلہ ہوا، جس میں پاک فوج کا ایک جوان شہید ہوگیا، جس کی شناخت میانوالی کے 28 سالہ عصمت اللہ کے نام سے ہوئی ہے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے مؤثر طریقے سے دہشتگردوں کے ٹھکانے کا پتہ لگایا، فورسز کا علاقے میں دہشتگردوں کیخلاف سرچ آپریشن جاری ہے۔

ترجمان کا کہنا ہے کہ پاک فوج دہشتگردی کی لعنت کو ختم کرنے کیلئے پُرعزم ہے، ہمارے بہادر جوانوں کی قربانیاں ہمارے عزم کو مزید مضبوط کرتی ہیں۔

واضح رہے کہ دو روز قبل جنوبی وزیرستان میں بھی جھڑپ کے دوران دو دہشت گرد ہلاک اور 2 فوجی جوان شہید ہوگئے تھے۔