وزيراعظم شہبازشريف کراچی کی ترقی کيلئے پرعزم
وزیراعظم شہبازشریف کا کہنا ہے کہ کے سی آر کو سی پیک کا حصہ بنانے کيلئے چيني حکومت سے بات کريں گے جبکہ کراچی ميں پينے کے پانی کا مسئلہ حل کرنے کی کوشش کريں گے۔
کراچی میں وزيراعلیٰ سندھ کے ہمراہ ميڈيا سے گفتگو میں وزيراعظم کا کہنا تھا کہ کے سی آر کو سی پيک ميں شامل کريں گے، کراچی میں پانی کی فراہمی کیلئےترجیحی اقدامات کی ہدایت کردی، پينے کا پانی کا مسئلہ 2024تک حل ہوگا۔
وزيراعظم کا کہنا تھا کہ وزیراعلیٰ سندھ سے ترقیاتی کاموں سے متعلق تعمیری گفتگو ہوئی، کراچی کی سڑکوں پرائيرکنڈيشن بسيں لائی جائيں گی، مرادعلی شاہ کویقین دہانی کرائی کہ وفاق ہرممکن تعاون کرے گا۔
انہوں نے کہا کہ کراچی میں ٹرانسپورٹ کے حوالے سے بہت کام ہورہا ہے، کراچی ميں ايئرکنڈيشن بسز کیلئے بينک سے سستے قرضے دلوائيں گے۔
اس سے قبل وزیراعظم شہبازشریف بدھ کی دوپہر اسلام آباد سے کراچی پہنچے تو ہوائی اڈے پر وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ اور دیگر اعلیٰ رہنماؤں نے ان کا استقبال کیا۔
وزیراعظم شہبازشریف نے ایم کیو ایم پاکستان کے عارضی مرکز بہادر آباد کا دورہ بھی کیا۔ جہاں انہوں نے رابطہ کمیٹی ارکان سے ملاقات کی۔ شہباز شریف نے اتحادی جماعتوں کے سربراہان کے ہمراہ مزار قائد پر حاضری دی اور مہمانوں کی کتاب میں تاثرات بھی تحریر کئے۔
ترجمان کے مطابق وزیرِاعظم شہباز شریف کے مزار قائد کے دورے کا مقصد پاکستان کی تعمیر و ترقی کیلئے قائد اعظم کے وضع کردہ سنہری اصولوں کی پیروی کا اعادہ کرنا ہے۔
ايم کيو ايم پاکستان کے رہنماء خواجہ اظہار الحسن کہتے ہيں کہ وزارتوں کے حوالے سے کوئی بات نہيں ہوئی، ہماری توجہ معاہدے پر عملدرآمد کرانے پر ہے، وزيراعظم شہباز شریف کا دورہ خير سگالی کا اظہار تھا، مزيد معاملات اسلام آباد ميں طے ہوں گے۔