الیکشن کمیشن میں مردم شماری2017 کےنتائج پرحلقہ بندی کاآغاز

الیکشن کمیشن میں سیاسی صورتحال کےتناظرمیں آئندہ انتخابات سےمتعلق مشاورت کی گئی اورالیکشن کمیشن نے مردم شماری 2017 کے نتائج پرحلقہ بندی کا آغاز کردیا۔عام انتخابات کیلئے ووٹر لسٹوں پر نظرثانی کا کام جلد مکمل کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔
جمعہ کو اسلام آباد میں چیف الیکشن کمشنرسکندرسلطان راج کی زیرصدارت اجلاس ہوا جس میں ارکان اور سیکريٹری الیکشن کمیشن نے شرکت کی۔
اجلاس میں سیاسی صورتحال کے تناظر میں آئندہ انتخابات سے متعلق مشاورت کی گئی۔الیکشن کمیشن نے انتخاب کے لیے حلقہ بندیوں کے طریقہ کار پر بھی بات چیت کی گئی۔
الیکشن کمیشن کی جانب سے اعلامیہ میں بتایا گیا کہ الیکشن کمیشن قانون کی حکمرانی کیلئے آئینی کردار ادا کرتا رہے گا۔
یہ بھی کہا گیا کہ پنجاب بلدیاتی انتخابات کیلئے فنڈز جاری نہ کرکے آئینی عمل میں رکاوٹ ڈالی جا رہی ہے،فنڈز کا اجراء نہ کرنے پرچیف سیکرٹری پنجاب اور وفاقی سیکرٹری خزانہ کو طلب کرلیا گیا ہے۔
سیاسی رہنماؤں کے جانب سے الیکشن کمیشن پر بیان بازی کابھی جائزہ لیا گیا۔اس کے علاوہ الیکشن کمیشن میں جاری کیسز پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔
الیکشن کمیشن نے مردم شماری 2017 کے نتائج پرحلقہ بندی کا آغاز کردیا ہے۔حلقہ بندی کا عمل 4 ماہ میں مکمل کرلیا جائے گا۔
الیکشن کمیشن نے متعلقہ افسران(سیکریٹری الیکشن کمیشن) سے عام انتخابات کا ایکشن پلان13 اپریل کو طلب کرلیا ہے جس کے بعد مزید غورکے عمل درآمد کے لیے مناسب احکامات جاری کئے جائیں گے۔
اس کےعلاوہ الیکشن کمیشن نے ہنگو میں ضمنی الیکشن 17 اپریل کو کرانے کا فیصلہ کیا ہے۔
واضح رہے کہ تین روز قبل ترجمان الیکشن کمیشن آف پاکستان نے بتایا تھا کہ انتخابات کرانا آئینی ذمہ داری ہے، جس کیلئے ہر وقت تیار ہیں، تاہم عام انتخابات 3 ماہ میں نہ کرانے کی خبروں میں صداقت نہیں۔
الیکشن کمیشن آف پاکستان میں منگل 5 اپریل کو ہنگامی اجلاس میں انگریزی اخبار میں چھپنے والی خبر کے تناظر میں جائزہ لیا گیا۔