اسمبلی میں کانپیں ٹانگ رہی ہیں ڈانس' حب الوطنی یاسرکس؟

بلاول کے جملے پرپی ٹی آئی ارکان کاڈانس

ملکی سیاسی صورتحال میں مختلف سیاسی جماعتوں کے رہنماوں کے طرزعمل نے سوشل میڈیا پر کئی سوال کھڑے کردیے ہیں۔

وزیراعظم کے خلاف تحریک عدم اعتمادکی ناکامی کے بعد اسمبلی تحلیل کیے جانے کا معاملہ سپریم کورٹ میں زیرسماعت ہے لیکن کیا کہنے سیاسی رہنماوں کے جو تحمل وبرباری کے مظاہرے کے بجائے کچھ اور ہی کرنے میں مصروف ہیں۔

کچھ عرصہ قبل پیپلزپارٹی کے عوامی مارچ کے دوران اسلام آباد میں خطاب کرنے والے بلاول بھٹوزرداری نے جوش خطاب میں حکمرانوں کو للکارتے ہوئے ٹانگیں کانپ رہی ہیں کو ‘کانپیں ٹانگ رہی ہیں ‘ کہہ دیا تھا، جملے سے لطف اندوز ہونے والوں نے سوشل میڈیا پر اتنی میمز بنائیں اور تبصرے کیے کہ یہ ٹاپ ٹرینڈ بن گیا اور یہی جملہ اب خوب کام میں لایا جارہا ہے۔

گزشتہ روزسندھ اسمبلی میں احتجاج کرنے والے پاکستان تحریک انصاف کے ارکان نے بلاول کے اس جملے کو میمزسے ایک قدم آگے نکل کر 'اداکاری ' تک پہنچادیا۔

وائرل ویڈیو میں پارلیمانی لیڈرخرم شیرزمان سمیت دیگر پی ٹی آئی ارکان نے میگا فون اٹھائے 'کانپیں ٹانگ رہی ہیں ' پررقص کی ناقابل فہم قسم پیش کی، اسمبلی کے اندراس ڈانس کے علاوہ نعرے بازی بھی کی گئی۔

سوشل میڈیا صارفین نے ویڈیوزشیئرکرتے ہوئے ایسے غیرسنجیدہ اقدامات پرناگواری کااظہار کرتے پی ٹی آئی سمیت صوبائی حکومت کو بھی تنقید کا نشانہ بنایا۔

ویڈیوز نے صارفین کو اچنبھے میں ڈال دیا ہے کہ وہ ایسے کام کرنے کو 'حب الوطنی ' سمجھیں یا 'سرکس تماشا'۔

واضح رہے کہ 3 اپریل بروز اتوار کو قومی اسمبلی اجلاس میں ڈپٹی اسپیکر قاسم سوری نے وزیراعظم عمران خان کے خلاف پیش کردہ اپوزیشن کی تحریک عدم اعتماد کوغیر ملکی سازش قراردیتے ہوئے مسترد کردیا تھا۔

اپوزیشن نےسپریم کورٹ سے رجوع کرنے کا فیصلہ کیا تھا تاہم اسی روز چیف جسٹس پاکستان جسٹس عمرعطا بندیال نے ساتھی ججزکےمشورے پرڈپٹی اسپیکرکی اس رولنگ پرازخود نوٹس لیا تھا اور یہ معاملہ اب عدالت میں زیرسماعت ہے۔

PTI

Sindh assembly

bilawal bhutto zardari

Tabool ads will show in this div