پنجاب میں بزدار سرکار کی جاتے جاتے تبادلوں کی بوچھاڑ
بزدار سرکار نے جاتے جاتے تبادلوں کی بوچھاڑ کردی۔ جنوبی پنجاب میں محکمہ کميونيکيشن اينڈ ورکس کے3 افسران کے تبادلے کر ديے گئے۔
ایگزیکٹیو انجینئرہائی وے ڈویژن ملتان ہمایوں مسرور ایگزیکٹیو انجینئربلڈنگ راجن پور تعینات کردیے گئے. ایگزیکٹیو انجینئرہائی وے ڈویژن تونسہ شاہد ریاض کا ڈيرہ غازی خان جبکہ ایگزیکٹیو انجینئرہائی وے ڈویژن ڈی جی خان محمد امجد کا ملتان تبادلہ کردیا گیا۔
واضح رہے کہ یکم اپریل کو گورنر پنجاب چوہدری سرور نے وزيراعلیٰ پنجاب کا استعفیٰ منظور کرليا تاہم ساتھ میں یہ بھی کہا گیا تھا کہ عثمان بزدار بدستور وزیراعلیٰ کے عہدے پر فائز رہیں گے۔
گورنر پنجاب نے نئے وزیراعلیٰ پنجاب کے انتخاب تک عثمان بزدار کو نگراں وزیراعلیٰ پنجاب مقرر کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
عثمان بزدار نے 28 مارچ کو وزیراعظم عمران خان کو اپنا استعفیٰ پیش کیا تھا، اپوزیشن کے ساتھ ساتھ پی ٹی آئی کے اراکین اسمبلی نے بھی وزیراعلیٰ پنجاب کو عہدے سے ہٹانے کا مطالبہ کیا تھا۔