عمران خان خودماضی ميں امريکی سفيرسےملتے رہے ہيں،علیم خان

لاہورمیں ہم خیال راکین اسمبلی کے ہمراہ پریس کانفرنس
Apr 04, 2022

تحریک انصاف کے ناراض رکن اسمبلی علیم خان کا کہنا ہے کہ تحریک انصاف کےلئے 10 سال انتہائی اخلاص کے ساتھ کام کیا مگر الٹا مجھ پر ہی غداری کا الزام لگادیا گیا۔

لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے علیم خان کا کہنا تھا کہ عثمان بزدار کی کرپشن کے ثبوت عمران خان کو ديے مگر کوئی کارروائی نہيں کی گئی۔ ايک ايک ميسج محفوظ ہے جو وقت آنے پر سامنے لاؤں گا۔

وزیراعظم عمران خان کو مخاطب کرتے ہوئے علیم خان کا کہنا تھا کہ کسی نے پارٹی میں علیم خان سے آدھی قربانی بھی دی تونام بتائیں؟ کوشش کی کہ نئے پاکستان میں اپنا حصہ ڈالوں، اپنے وسائل سے پارٹی کے بوجھ کو اٹھایا۔

علیم خان کا کہنا تھا کہ کاروباری شخص ہوکر لاہور ميں حکومت کيخلاف کھڑا ہونا آسان نہيں تھا مگر 126 دن دھرنے میں کھانا، پانی، ڈيزل پہنچانے کی ذمہ دارياں خود اداکيں۔انہوں نے کہا کہ اپنے وسائل سے پارٹی کے بوجھ کو اٹھایا، جہانگیرترین نے بہت مدد کی مگر آپ نے جہانگیرترین کی بیٹیوں کیخلاف مقدمات بنادیے۔

انہوں نے کہا کہ تمام تمام جلسوں میں کوشش کی کہ پارٹی پر بوجھ نہ پڑے، 2010سے عمران خان کا ساتھ دینا شروع کیا۔انہوں نے کہا کہ ایسی کون سی غلطی تھی کہ ایم پی اے بننے کے بعد مجھےنیب بلایاگیا۔

رکن اسمبلی کا کہنا تھا کہ 28جولائی کو نیب سے پہلا نوٹس موصول ہوا، 10دنوں میں 4بارنیب کے دفتر بلایاگیا، خان صاحب اگر آپ سچے ہیں تو آئیں میرے سامنے۔ پنجاب میں فرح کا کیا کردار تھا؟قوم کو کیوں نہیں بتاتے؟ آپ غداری کے تمغے دے رہے ہيں۔

عليم خان کا کہنا تھا کہ صرف اس ليے جيل ميں ڈالا گيا کہ ميں بزدار کے خلاف تھا، خان صاحب نے عثمان بزدار سے متعلق کسی کی نہيں سنی۔ موجودہ حواريوں کا پی ٹی آئی کی جدوجہد ميں کوئی کردار نہيں۔

انہوں نے کہا کہ عثمان بزدار دور میں پنجاب میں3،3 کروڑ ميں ڈی سی لگتے تھے،عمران خان کو بتايا تھا، پنجاب ميں 6،5 کروڑ روپے کی بولياں لگائی جارہی ہیں،انہوں نے مزید کہا کہ جسے پنجاب کا سب سے بڑا ڈاکو کہتے تھے،اسے ووٹ ڈال رہے، پرويزالہیٰ کوووٹ ڈالنا تھا تو26سال جدوجہد کی کیا ضرورت تھی۔

رکن پنجاب اسمبلی کا کہنا تھا کہ 5 سیٹوں کے لیے سمجھوتے کرنے تھے تو تحریک کیوں چلائی؟ کیا نیا پاکستان چوہدری پرویزالہٰی بنائیں گے۔

علیم خان کا کہنا تھا کہ فرح بی بی نے بہت کرپشن کی،وہ ملک سے فرار ہوچکی ہيں، فرح کس کومال پہنچاتی رہيں، تحقيقات ميں سب سامنے آئے گا، جب 4بيورو کريٹ پکڑے جائيں گے تو سب پتہ چل جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان خدا کا خوف کریں اس ملک پر رحم کریں، یہ نہیں ہوسکتا کہ میچ ہارتا دیکھ کر وکٹیں اٹھا کربھاگ جائیں، خان صاحب!بزدار کيخلاف آپ کو لکھے تمام میسجز موجود ہيں، بزدار کی محبت میں عمران خان نے پارٹی کا شیرازہ بھکیر دیا، انہوں نے واضح کرکے کہا کہ ہم چوہدری پرویزالہٰی کو ووٹ نہیں دیں گے۔

عليم خان کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کے ايک 183ارکان ہيں مگر پنجاب ميں آپ کو کوئی ايک شخص اس قابل نظر نہيں آیا جسے وزيراعلیٰ لگاتے۔ پرويزالہیٰ جسے آپ سب سے بڑا ڈاکو کہتے تھے اس سے 5 ووٹ لينے کے ليے وزيراعلیٰ پنجاب نامزد کرديا۔

انہوں نے کہا کہ جو آپ کے ساتھ ہے وہ محب وطن،جوآپ کیخلاف ہووہ غدار؟ عمران خان جتنا میں آپ کو جانتا ہوں کوئی نہیں جانتا، امریکی سفیر کو آپ کےسامنے ملاتھا۔

عليم خان کا مزید کہنا تھا کہ عمران خان غيرملکی سفير سے ملنے والوں کو غدار قرار دے رہے ہيں مگر ماضی ميں وہ خود بھی امريکی سفير سے ملتے رہے ہيں۔ يہ نہيں ہونا چاہيے کہ جب تک آّپ جيت رہے ہوں کھيلتے رہيں، ہارنے لگيں تو وکٹيں اٹھا کر بھاگ جاؤ۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان جتنا میں آپ کو جانتا ہوں کوئی نہیں جانتا، نئے پاکستان بنانے کے سارے لبادے کھولوں گا۔ ساری قوم اصلیت ديکھے گی،مجھے سب پتہ ہے۔

pti govt

PM IK

Tabool ads will show in this div